شب برأت کے موقع پر لاک ڈائون کی پابندی ضروری

   

Ferty9 Clinic

مساجد کی انتظامی کمیٹیوں سے وقف بورڈ کی اپیل
حیدرآباد۔ 8 اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ وقف بورڈ نے کل شب برأت کے موقع پر تمام مساجد کمیٹیوں کو لاک ڈائون اور کرفیو کی پابندی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ اس سلسلہ میں چیف ایگزیکٹیو آفیسر وقف بورڈ نے تمام مساجد کمیٹیوں کے نام احکامات جاری کئے۔ انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کے خطرے سے نمٹنے کے لیے مرکزی و ریاستی حکومتیں تمام احتیاطی تدابیر اختیار کررہی ہیں۔ وائرس کے پھیلائو کو روکنے کے لیے مکمل لاک ڈائون کا اعلان کیا گیا۔ تمام مساجد کمیٹیوں سے گزارش کی جاتی ہے کہ وہ شب برأت کے موقع پر حکومت کی جانب سے نافذ کردہ لاک ڈائون کی پابندی کریں۔ یہ احکامات تمام اضلاع کے کلکٹرس اور سپرنٹنڈنٹ آف پولیس کو روانہ کئے گئے۔ مساجد کے علاوہ قبرستانوں کی کمیٹیوں اور متولیوں سے بھی لاک ڈائون کی پابندی کی خواہش کی گئی۔ اسی دوران علماء اکرام نے مسلمانوں سے اپیل کی کہ وہ شب برأت کے موقع پر مساجد کے بجائے اپنے مکانات میں عبادت کا اہتمام کریں۔ قبرستانوں کو جانے سے گریز کیا جائے۔