شجرکاری کی اہمیت

   

پیارے بچو! دنیا میں کئی ایسی چیزیں ہیں جن کی وجہ سے دنیا قائم ہے ۔ ان میں سے ایک شجرکاری بھی ہے ۔ شجر کاری ہر دور کے انسان کے لیے اہم رہی ہے اور رہے گی ۔ جب پہلے زمانے میں انسان کے پاس گھر نہ تھا تو اس نے درخت کو اپنا بسیرا بنایا ۔ جب وہ بھوکا مرہوتا تھا تو درخت کے پھل ہی تھے جو اسے سہارا دیتے تھے ۔ آج بھی انسان درخت سے بہت سے کام لے رہا ہے اور لیتا رہے گا ۔ انسان لکڑیاں درخت سے ہی حاصل کرتا ہے گوند ، شہد وغیرہ سب انسان نے درخت سے حاصل کیا ۔ جس طرح انسان درخت سے کام لیتا ہے پرندے اور جانور بھی اس سے کام لیتے ہیں ۔ تقریبا سارے پرندے درخت پر گھونسلہ بناتے ہیں ۔ سبزی خور پرندے اپنی غذا بھی درخت سے ہی حاصل کرتے ہیں ۔ غرض کہ درخت انسان کیلئے ہی نہیں پرندوں اور جانوروں کیلئے بھی مفید ہیں ۔ آج دنیا کو ایک اور بڑا مسئلہ درپیش ہے اور وہ ہے گلوبل وارمنگ ۔ تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ اگر گلوبل وارمنگ کو روکا نہیں گیا تو یہ دنیا کو صفحہ ہستی سے مٹا سکتا ہے اور اس کا حل ہے تو صرف اور صرف درخت ۔ درخت سے گلوبل وارمنگ کو زیر کیا جاسکتا ہے ۔ مگر افسوس آج بھی ہماری آنکھیں نہیں کھلی ہیں ۔ آج بھی ہم درخت کو بے رحمی سے کاٹتے جارہے ہیں اور اس کے وجود کو ختم کرتے جارہے ہیں ۔ ضروری ہے کہ زیادہ سے زیادہ درخت لگائے جائیں ۔ ان کی دیکھ بھال کی جائے اور آنے والی نسل کو بھی شجرکاری کے فوائد اور اہمیت سے واقف کرایا جائے ۔۔