شخصیت کے نکھار کا ذریعہ

   

کسی کی شخصیت کا جائزہ لینے کے دوران پہلی نظر مخاطب کے چہرے پر اور دوسری اس کے ہاتھوں پر پڑتی ہے۔ہاتھ جسم کا وہ حصہ ہیں جو چہرے سے بھی پہلے عمر کا راز کھول سکتے ہیں۔عموماً خواتین جوان اور دلکش نظر آنے کیلئے سب سے زیادہ وقت اور پیسہ چہرے کی آرائش پر خرچ کرتی ہیں

لیکن حقیقت یہ ہے کہ ہاتھوں کی جلد چکنائی پیدا کرنے والے غدود کی عدم موجودگی اور گھریلو کام کاج کے دوران کئی قسم کے کیمیکلز ،ٹھنڈے گرم پانی اور دھول مٹی کا سامنا کرنے کی وجہ سے بہت جلد جھریوں کی زد میں آجاتی ہے جھریوں بھرے ہاتھ کو اپنی عمر سے دس سال بڑادکھا سکتے ہیں لہٰذا اب مزید وقت ضائع نہ کیجیے۔خود کو دلکش بنانے کے پروگرام میں چہرے کے ساتھ ساتھ ہاتھوں کو بھی شامل کر لیجیے۔یہاں کچن میں موجود کچھ اشیا اور کچھ وقت صرف کرکے گھر پر ہی ہاتھوں کو نرم اور خوبصورت بنانے کے چند مفید مشورے دیے جارہے ہیں۔ ہاتھوں کی نرمی بر قرار رکھنے کیلئے سب سے پہلے تو ان کی حفاظت ضروری ہے۔اس لیے اگر ہو سکے تو کپڑے اور برتن دھونے کے دوران دستانے استعمال کریں۔دستانوں کا استعمال ہاتھوں کی نازک جلد کو ڈیٹرجنٹ میں موجود کیمیکلز کے اثرات سے محفوظ رکھتاہے۔موسم کے اثرات ہاتھوں کی جلد کو خشک کرکے دیتے ہیں۔اس لیے دن بھر میں جب بھی فرصت ملے وقتاً فوقتاً ہاتھوں پر کوئی نہ کوئی موئسچرائزر ملتے رہیں تاکہ ان کے اندر نمی اور چکنائی کو برقرار رکھاجا سکے۔خصوصاً کپڑے اور برتن دھونے کے بعد اور رات کو سونے سے پہلے کسی بھی اچھی موئسچرائزنگ کریم کا استعمال ہاتھوں میں قدرتی نمی کو قائم رکھتا ہے۔ کوئی بھی اچھی ہینڈ کریم اپنے باتھ روم ،کچن اور بیڈ روم میں مستقل رکھیے۔