حیدرآباد۔9۔اپریل(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں بس مسافرین کے لئے سہولتوں کو بہتر بنانے کے لئے فوری طور پر اقدامات درکار ہے کیونکہ موسم گرما کے شدت اختیار کرنے کے ساتھ ہی بس مسافرین کو بس شیلٹرس نہ ہونے کے سبب انتہائی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور بیشتر مقامات پر بس اسٹینڈ کی عدم موجودگی کے نتیجہ میں مسافرین کو بس کے انتظار میں سڑک پر ٹھہرنا پڑتا ہے ۔تلنگانہ ریاستی روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے دونوں شہروں حیدرآبادوسکندرآباد میں فوری طور پر بس شیلٹرس کی تعمیر کے اقدامات کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ روزانہ لاکھوں افراد بس کے ذریعہ سفر کرتے ہیں اور انہیں بس کے انتظار میں کھڑے ہونا پڑتا ہے ۔ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے چند برس قبل دونوں شہروں کے مختلف مقامات پر بس شیلٹرس تعمیر کرتے ہوئے ان میں معیاری سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنانے کے اقدامات کئے تھے اور کئی مقامات پر ائیر کنڈیشن بس شیلٹرس بھی تعمیر کئے گئے تھے لیکن اب ان ائیر کنڈیشن بس شیلٹرس کی حالت کو دیکھ کر ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ان کی دیکھ بھال بھی بند کردی گئی ہے ۔ اسی طرح شہر کے کئی اہم مقامات پر جہاں بسیں توقف کرتی ہیں اور مسافرین بس کے انتظار میں ہوتے ہیں ان مقامات پر بھی بس شیلٹرس کی ضرورت محسوس کی جار ہی ہے اور اس سلسلہ میں آر ٹی سی حکام کو متعدد مرتبہ متوجہ کروانے پر عہدیداروں کا کہناہے کہ بس شیلٹرس عام طور پر مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کی جانب سے تعمیر کئے جاتے ہیں اور بس شیلٹرس پر لگائے جانے والے سائن بورڈ س کے ذریعہ بلدیہ آمدنی حاصل کرتی ہے ۔ذرائع کے مطابق مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے جلد ہی دونوں شہروں میں20 لاکھ بس مسافرین کے لئے 1500 نئے بس شیلٹرس کی تعمیر کی نشاندہی کی ہے اور کہا جا رہاہے کہ جلد ہی ان بس شیلٹرس کی تعمیر اور ان پر ڈیجیٹل بورڈ س آویزاں کرنے کے اقدامات کئے جائیں گے لیکن گذشتہ کئی برسوں سے موجود بس شیلٹرس کی موسم گرما کے پیش نظر فوری طور پر مرمت کے اقدامات کئے جانے کی صورت میں بس مسافرین کو کافی راحت حاصل ہوسکتی ہے۔ بلدی عہدیداروں کے مطابق گذشتہ دنوں دونوں شہرو ںکے مختلف مقامات پر نشاندہی کے بعد جی ایچ ایم سی کی جانب سے248نئے بس شیلٹرس کی تعمیرعمل میں لائی گئی ہے اور ان بس اسٹاپس سے مسافرین استفادہ بھی کرنے لگے ہیں ۔3