حکومت کی نظر میں تاسیس تلنگانہ کے جشن اہم، ماہرین کی سفارش و مشورے ندارد
حیدرآباد۔11۔جون(سیاست نیوز) ریاستی حکومت کو طلبہ سے زیادہ ’تاسیس تلنگانہ ‘ کا جشن اہم ہے اسی لئے حکومت کی جانب سے گرمی کی شدت برقرار رہنے کے باوجود اسکولوں کی کشادگی کو ملتوی کرنے کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی سے گریز کیا جا رہاہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے ریاستی حکومت کوروانہ کی گئی سفارش میں موسمی صورتحال اور ماہرین موسمیات اور امراض اطفال کے ماہرین کی جانب سے جاری کئے جانے والے مشوروں کی بنیاد پر تعطیلات کو 17 جون تک توسیع دینے کی سفارش روانہ کی گئی تھی لیکن حکومت نے اس پر کوئی کاروائی کرنے کے بجائے ریاست میں جاری تاسیس تلنگانہ کے جشن کے پیش نظر تمام اسکولوں میں طلبہ کی واپسی کو یقینی بنانے پر زور دیا ہے۔محکمہ تعلیم کی جانب سے اسکولی تعطیلات میں توسیع کے سلسلہ میں احکام تو جاری نہیں کئے گئے لیکن کئی سرکردہ خانگی اسکولوں نے طلبہ کی تعطیلات میں ایک ہفتہ کی توسیع کرتے ہوئے انہیں کسی بھی موسمی بیماری کا شکار ہونے سے محفوظ رکھنے کے اقدامات کئے ہیں ۔ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ ریاست کے بیشتراضلاع میں گرمی کی شدت میں کمی واقع نہ ہونے اور درجہ حرارت میں اضافہ کا سلسلہ جاری رہنے کے علاوہ گرم ہوائیں برقرار رہنے کے سبب مختلف گوشوں بالخصوص اولیائے طلبہ و سرپرستوں کی جانب سے تشویش ظاہر کئے جانے کے باوجود ریاستی محکمہ تعلیم کی جانب سے کوئی پیشرفت نہیں کی گئی بلکہ اس بات کی وضاحت کی گئی ہے کہ حکومت گرمائی تعطیلات میں توسیع کا کوئی منصوبہ نہیں رکھتی ۔حکومت کی جانب سے اس سلسلہ میں کسی بھی طرح کے احکام جاری نہ کئے جانے کے سبب بیشتر خانگی اسکولوں کے ذمہ داروں نے پرائمری‘ مڈل اسکول کے طلبہ کی تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کرتے ہوئے 19 جون سے ان کے تعلیمی سال کے آغاز کا اعلان کردیا ہے ۔پہلی تاساتویں جماعت کے طلبہ کے لئے خانگی اسکولوں نے تعطیلات میں توسیع کا فیصلہ کیا ہے اور آٹھویں تادسویں جماعت کے طلبہ کے لئے سرکاری احکامات کے مطابق اسکولوں کی کشادگی کو برقراررکھا گیا ہے ۔ اسکول انتظامیہ جنہوں نے گرمائی تعطیلات میں توسیع کا اعلان کیا ہے ان کا کہناہے کہ اگر ہائی اسکول کی تعطیلات میں توسیع کے اقدامات کئے جاتے ہیںتو ایسی صورت میں تعلیم پر اثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ اگر حکومت کی جانب سے گرمائی تعطیلات میں توسیع کی جاتی ہے تو اس سے اسکول انتظامیہ کو بھی راحت حاصل ہوگی۔م