شدید گرمی کے باوجود تاریخ کا سب سے بڑا حج

,

   

رواں برس عازمین حج کی تعداد 25 لاکھ سے تجاوز کرسکتی ہے

ریاض :لاکھوں کی تعداد میں حج ادائیگی کیلئے سعودی عرب پہنچے حاجیوں نے آج تاریخ کے سب سے بڑے حج کا آغاز کر دیا ہے۔ میڈیاکی ایک رپورٹ کے مطابق رواں برس عازمین حج کی تعداد 20 لاکھ سے تجاوز کرتے ہوئے ماضی کے ریکارڈ توڑ سکتی ہے۔عازمین حج کی اس ریکارڈ تعداد میں 160 ممالک سے سعودی عرب پہنچے افراد شامل ہیں، چنانچہ رواں برس کا حج تاریخ کا سب سے بڑا حج قرار دیا جاسکتا ہے۔سعودی وزارت حج وعمرہ کے عہدیدار کی پیش گوئی کے مطابق اگر چیزیں منصوبے کے مطابق رہیں تو رواں برس ہم تاریخ کا سب سے بڑ ا حج دیکھیں گے، سعودی وزارت حج وعمرہ کے اہلکار نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا کہ رواں برس عازمین حج کی تعداد 25 لاکھ سے بھی تجاوز کرسکتی ہے۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ جمعہ تک دنیا بھر سے 16 لاکھ سے زائد عازمین فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے حجاز مقدس پہنچ چکے تھے۔ سعودیہ کی ایک کاروباری شخصیت کے مطابق رواں حج سیزن کے دوران ہمارے 67 ہوٹلوں میں کوئی ایک کمرہ خالی نہیں ہے۔دوسری جانب 65 سالہ مصری شہری عبدالعظیم نے دوران طواف بتایا کہ وہ اپنی زندگی کے خوبصورت ترین ایام بسر کر رہے ہیں، میرے خواب کو تعبیر مل گئی ہے، میں نے حج کی ادائیگی کے لیے 20 سال تک بچت کرکے 6 ہزار ڈالر جمع کیے۔امسال فریضہ حج کی ادائیگی کیلئے ایک لاکھ57 ہزارپاکستانی عازمین سعودی عرب پہنچے ہیں، پاکستانی حکام کے مطابق منیٰ میں پاکستان حج مشن کے 2 کیمپ آفس قائم کیے گئے ہیں، شعبہ گمشدگی وبازیابی، رہنمائی، شکایات اور مانیٹرنگ ڈیسک24 گھنٹے کام کریں گے۔