حیدرآباد۔ 12 جولائی (سیاست نیوز) سی بی آئی کی راوس ایونیو عدالت نے دہلی شراب اسکام میں بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کے کویتا کے رول پر سی بی آئی کی عبوری چارج شیٹ اور کویتا کے ڈیفالٹ ضمانت درخواستوں پر آج جمعہ کو جائزہ لیا۔ سی بی آئی نے عدالت کو بتایا کہ اس کیس میں کویتا کے رول کے تعلق سے ثبوتوں پر مشتمل سپلیمنٹری چارج شیٹ پیش کی گئی ہے اور اس پر غور کرنے کی راوس ایونیو کورٹ سے اپیل کی۔ جج کاویری بھاویجہ نے اس کا جائزہ لینے کا یقین دلایا۔ اس کے علاوہ کویتا کی جانب سے ضمانت کے لئے داخل کردہ ڈیفالٹ ضمانت کا جائزہ لیا۔ کویتا کے وکیل نتیش رانا نے عدالت کو بتایا کہ سی بی آئی کے چارج شیٹ میں غلطیاں ہیں۔ سی بی آئی کے وکیل نے چارج شیٹ میں غلطیاں ہونے کی تردید کی۔ جج کاویری بھاویجہ نے دریافت کیا کہ کیا چارج شیٹ میں غلطیاں ہونے کے بارے میں کورٹ آرڈر فائنل کیا گیا ہے۔ کورٹ آرڈر فائنل کرنے کی ہدایت دی۔ کویتا کے وکیل نتیش رانا نے کہا کہ کورٹ آرڈر اپ لوڈ نہیں ہوا ہے۔ جس کے بعد راوس ایونیو کورٹ نے آئندہ سماعت 22 جولائی تک ملتوی کردی۔ وکیل نتیش رانا نے ڈیفالٹ ضمانت اور چارج شیٹ میں غلطیاں ہونے کی تحقیقات تک چارج شیٹ پر غور کرنے کے معاملے کو ملتوی کرنے کی اپیل کی۔ سی بی آئی کے وکیل نے بتایا کہ چارج شیٹ پر غور کرنے کے مسئلہ سے کویتا کے ڈیفالٹ ضمانت کا کوئی تعلق نہیں ہے جس پر کویتا کے وکیل نے مداخلت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ ہم نے چارج شیٹ مکمل نہ ہونے کا کوئی دعویٰ پیش نہیں کیا بلکہ چارج شیٹ کے غلطیوں کی نشاندہی کی جارہی ہے۔ 2