بیان واپس لینے پر 100 کروڑ اور اراضی کا دعویٰ، امیت شاہ ، گورنر اور سی بی آئی ڈائرکٹر کو مکتوب،کے ٹی آر نے الزامات کی تردید کی
حیدرآباد ۔14۔ جولائی (سیاست نیوز) نئی دہلی کے شراب اسکام معاملہ میں کے سی آر خاندان کے خلاف الزامات کا سلسلہ جاری ہے۔ دھوکہ باز سکیش چندر شیکھر نے مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ ، گورنر تلنگانہ ٹی سوندرا راجن اور ڈائرکٹر جنرل سی بی آئی کو مکتوب روانہ کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ رکن کونسل کویتا اور وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر کے قریبی افراد نے بیان بدلنے کیلئے 100 کروڑ روپئے ، شمس آباد میں اراضی اور اسمبلی الیکشن میں ٹکٹ کا پیشکش کیا ہے ۔ شراب اسکام کے معاملہ میں سکیش چندر شیکھر نے کویتا کے خلاف بیان دیا تھا اور ثبوت کے طور پر واٹس ایپ چیاٹنگ کی نقل ، اسکرین شارٹس اور ریکارڈنگ انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو فراہم کی تھی ۔ عام آدمی پارٹی قائدین سے چیاٹنگ کے دوران کویتا کے نام کا تذکرہ بھی شامل بتایا جاتا ہے ۔ سکیش نے شکایت کی ہے کہ بیان واپس لینے کیلئے اسے کویتا اور کے ٹی آر کے قریبی افراد کی جانب سے بھاری پیشکش کی گئی ۔ سکیش نے الزام عائد کیا کہ شرائط پر اتفاق نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔ سکیش کا کہنا ہے کہ کے ٹی آر اور کویتا کے قریبی افراد نے یہ دھمکی دی جن کا تعلق ایک لکژری شاپر سے ہے اور وہ ڈیزائنر ہے۔ دو دن قبل سکیش کے افراد خاندان کو یہ دھمکی دی گئی۔ 12 جولائی کو لکھے گئے مکتوب میں سکیش نے تفصیلات کا ذکر کیا اور دعویٰ کیا کہ اس کے پاس 2000 کروڑ کی معاملت سے متعلق تفصیلات موجود ہیں ۔ اس کے علاوہ کال ریکارڈنگ اور چیاٹ موجود ہے جو 250 جی بی پر مشتمل ہے۔ سکیش نے مرکزی وزیر داخلہ سے درخواست کی کہ اس کی شکایت کو سی بی آئی سے رجوع کرتے ہوئے فوری تحقیقات کی ہدایت دیں۔ تلنگانہ میں اسمبلی انتخابات سے قبل تحقیقات مکمل کی جائیں۔ سکیش نے ایم ایل سی کویتا کے ساتھ واٹس ایپ چیاٹنگ کے اسکرین شاٹس انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ کو پہلے ہی فراہم کردیئے ہیں۔ اسی دوران وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی آر نے سکیش کے الزامات کی سختی سے تردید کی۔ ٹوئیٹر پر کے ٹی آر نے کہا کہ وہ سکیش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی منصوبہ بندی کر رہے ہیں۔ کے ٹی آر نے کہا کہ میڈیا کے ذریعہ انہیں مشہور زمانہ مجرم سکیش کی جانب سے سنگین الزامات کا پتہ چلا۔ غیر ذمہ دارانہ الزام تراشی پر سکیش کے خلاف سخت قانونی کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے میڈیا سے اپیل کی کہ وہ اس طرح کے بے بنیاد دعوؤں کی اشاعت میں احتیاط کریں۔ واضح رہے کہ سکیش چندر شیکھر 30 سے زائد دھوکہ دہی کے معاملات میں اہم ملزم ہے ۔ جبری وصولی اور منی لانڈرنگ کے مقدمات میں ملزم ہیں۔ وہ 200 کروڑ کی جبری وصولی کے معاملہ میں دہلی کی جیل میں بند ہے۔ر