شراب بندی کاڈھول اندرسے خالی، اموات پر وزیراعلیٰ جواب دیں: تیجسوی یادو کا بڑا بیان

   

شراب بندی کاڈھول اندرسے خالی، اموات پر وزیراعلیٰ جواب دیں: تیجسوی یادو کا بڑا بیان

پٹنہ: بہار اسمبلی کے قائد حزب اختلاف اورسابق نائب وزیراعلیٰ تیجسوی یادو ریاست میں شراب نوشی سے لوگوں کی موت پر ٹویٹ کرکے حکومت پر لگاتار حملہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے چار اضلاع میں حالیہ اموات کے لیے وزیر اعلیٰ نتیش کمار کو ذمہ دار ٹھہرایا ہے کیونکہ وزارت داخلہ بھی وزیر اعلیٰ کے پاس ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پر شراب تقسیم کرنے جیسے سنگین الزامات بھی لگائے ہیں۔ ساتھ ہی بہار میں شراب پر پابندی کو مکمل طور پر ناکام بتایاہے۔ معلوم ہوا ہے کہ بہار ضمنی انتخاب میں دونوں سیٹیں (کشیشورستھان اور تارا پور) ہارنے کے بعد تیجسوی یادووالد لالو پرساد یادو اور والدہ رابڑی دیوی کے ساتھ دہلی روانہ ہو گئے ہیں۔ آر جے ڈی کے رکن اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر نے جمعرات کو ایک ٹویٹ کیا، جس میں انہوں نے کہاہے کہ پانچ دن پہلے مظفر پور میں 10 لوگوں کی موت جعلی شراب پینے سے ہوئی تھی۔ بدھ اور جمعرات سمیت گوپال گنج میں 20 لوگوں کی موت ہو گئی۔ بیتیا میں بھی جمعرات کو شراب پینے سے 13 لوگوں کی موت ہو گئی۔ پولیس انتظامیہ پر سنگین الزامات لگاتے ہوئے تیجسوی نے کہا کہ پولس نے پوسٹ مارٹم کیے بغیر زیادہ تر لاشوں کو جلا دیا اور وزیر اعلیٰ اور وزیر داخلہ نتیش کمار شراب بندی کا ڈھول کھوکھلا کر رہے ہیں۔