حیدرآباد۔6جولائی (سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے شراب نوشی کو فروغ دینے کیلئے بئیر کی قیمتوں میں کمی کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے اور آئندہ دو یوم کے دوران ریاست میں بئیر کی قیمت میں 10روپئے تک کی گراوٹ ریکارڈ کی جائے گی۔چیف سیکریٹری حکومت تلنگانہ مسٹر سومیش کمار نے اس سلسلہ میں احکام جاری کرتے ہوئے کہا کہ ریاستی حکومت نے کافی غور خوص کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ بئیر پر عائدکئے جانے والے خصوصی سیس میں 10 روپئے کی کمی کی جائے ۔ بئیر پینے والوںکو نئے اسٹاک کے ساتھ ہی ان کے اپنے من پسند برانڈپر 10 روپئے کم ادا کرنے ہوں گے۔شرابیوں کو مہنگائی سے بچانے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے یہ اہم پیشرفت کی گئی ہے جبکہ عام شہری جو کہ پٹرول پر عائد کئے جانے والے ریاستی ٹیکسوں سے بدحال ہوتے جا رہے ہیں۔شراب کی فروخت سے ریاستی حکومت نے ماہانہ 2700 کروڑ کی آمدنی کا تخمینہ لگایا تھا لیکن فی الحال ریاستی حکومت کو شراب کی فروخت سے 2500 کروڑ کی آمدنی حاصل ہورہی ہے اور اس آمدنی میں اضافہ کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے شراب کی فروخت کی حوصلہ افزائی کے اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ریاستی حکومت کی جانب سے بئیر کی قیمت میں کمی کے فیصلہ کے بعد کہا جا رہاہے کہ شراب کی فروخت میں زبردست اضافہ ریکارڈکیا جائے گا۔ بتایاجاتا ہے کہ کورونا وائرس کے پہلے مرحلہ کے لاک ڈاؤن کے بعد شراب کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈکی گیا تھا اور اس کے بعد شراب کی فروخت میں کمی بھی ریکارڈ کی جانے لگی تھی ۔شراب کی قیمتوں میں ہونے والے اضافہ اور فروخت میں ریکارڈ کی جانے والی گراوٹ کو دیکھتے ہوئے حکومت تلنگانہ شراب تیار کرنے والی کمپنیوں بالخصوص بئیر کمپنیوں کے نمائندوں کی جانب سے کی جانے والی نمائندگی پر غور کرنا شروع کیا جس میں شراب تیار کرنے والی کمپنیوں نے شراب پر عائد کئے جانے والے خصوصی ٹیکس میں کمی کے علاوہ اعظم ترین قیمتوں میں مجموعی طور پر کمی لانے کی خواہش کی تھی ۔ریاستی حکومت نے ان کی اس درخواست اور تلنگانہ کو شراب کی فروخت سے ہونے والی آمدنی کو نظر میں رکھتے ہوئے بئیر کی قیمت میں 10روپئے کی کمی کا فیصلہ کیا ہے جس سے شرابیوں کو راحت حاصل ہوگی۔