حیدرآباد۔ ایل بی نگر کے علاقہ میں شراب کے لئے رقم نہ دینے پر ایک شخص کا قتل کردیا گیا۔ جو پیشہ سے ترکاری فروش تھا اور اپنی بیوی اور لڑکی کے ہمراہ فٹ پاتھ پر ترکاری فروخت کرتا تھا۔ ایل بی نگر پولیس نے بتایا کہ 55 سالہ بابو کا قتل کردیا گیا۔ متوفی کی بیوی سورنا کی شکایت پر ایل بی نگر پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بابو ایس بی ایچ کالونی کا ساکن تھا۔ وینکنا نامی شخص اکثر بابو سے شراب نوشی کیلئے پیسے مانگا کرتا تھا اور بابو اس کو پیسے دیا کرتا تھا۔ 6 ڈسمبر کو وینکنا بابو کو ترکاری کی دکان پہنچا اور رقم کا مطالبہ کیا۔ بابو نے پیسے دینے سے انکار کردیا اور اس نے بحث و تکرار شروع کردی۔ اس دوران وینکٹیش نامی ایک شخص پہونچا۔ بابو کے پیسے دینے سے انکار پر وینکنا نے حملہ کردیا اور اس کی لڑکی اور بیوی نے بیچ بچاؤ کیا۔ اس دوران وینکنا کی بیوی اور بیٹا بھی جھگڑے میں شامل ہوگئے۔ بابو اس جھگڑے میں شدید زخمی ہوگیا جس کو فوری ہاسپٹل منتقل کیا گیا جہاں وہ علاج کے دوران بابو فوت ہوگیا۔