آدتیہ ناتھ کے خلاف تحقیقات کیوں نہیں : ابو عاصم اعظمی
ممبئی 4 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) جے این یو طالب علم شرجیل امام کی حمایت کرتے ہوئے سماجوادی پارٹی لیڈر ابو عاصم اعظمی نے کہا کہ شرجیل کے خلاف غداری کا مقدمہ دستور کے مغائر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ اس اعتبار سے چیف منسٹر یو پی آدتیہ ناتھ کو بھی اپنے کئی قابل اعتراض تبصروں کیلئے جیل میں ہونا چاہئے تھا ۔ انہوں نے کہا کہ جے این یو طالب علم شرجیل امام کے خلاف غداری کا مقدمہ دستور کے مغائر ہے ۔ چیف منسٹر اترپردیش نے بھی کئی قابل اعتراض ریمارکس کئی برسوں سے کئے ہیں تاہم ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی ہے ۔ اپنے ریمارکس کیلئے انہیں بھی جیل میں ہونا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور دستور نے یہ جمہوریت دی ہے ۔ شرجیل نے کچھ کہا ہے تو اس کے خلاف کارروائی کی گئی ہے ۔ حکومت اپنے مفادات کا تحفظ کرنے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔ مسلمانوں کی حالت ملک میں بہت ابتر ہوگئی ہے ۔ حکومت مسلمانوں اور پسماندہ طبقات سے ناانصافی کر رہی ہے ۔ انہوں نے آدتیہ ناتھ کو نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ آدتیہ ناتھ کے خلاف کوئی تحقیقات نہیں کی جا رہی ہیں جبکہ شرجیل امام کے خلاف تحقیقات ہو رہی ہیں۔ یہ حکومت خوفزدہ اور مایوس ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کو بی جے پی کے ہاتھوں سے نکالنے کی ضرورت ہے ۔