دہلی میں شرد پوار کی حمایت میں پوسٹرس چسپاں۔ملک ’’غداروں‘‘ کو دیکھ رہا ہے
نئی دہلی:نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے صدرشرد پوار آج صبح اپنی سلور اوک رہائش گاہ سے دہلی میں پارٹی کی قومی ایگزیکٹو میٹنگ کیلئے روانہ ہوئے۔ دریں اثنا دہلی میں ایک پوسٹر پر بحث تیز ہوگئی ہے، جسے نیشنلسٹ اسٹوڈنٹ کانگریس نے لگایا ہے۔پوسٹر میں فلم ‘باہوبلی۔ دی بیگننگ کا ایک سین ڈیزائن کیا گیا ہے۔دہلی میں نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دفتر کے باہر ایک پوسٹر میں اجیت پوار کو’کٹپا‘ کے طور پر’باہوبلی‘ شرد پوار کی پیٹھ میں چھرا گھونپتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ اس کے ساتھ ہیش ٹیگ کے ساتھ ’’غدار‘‘ بھی لکھا گیا ہے۔نیشنلسٹ اسٹوڈنٹ کانگریس نے اس پوسٹر میں لکھا ہے کہ پورا ملک اس میں چھپے غداروں کو دیکھ رہا ہے۔ عوام ایسے بے وقوفوں کو معاف نہیں کرے گی ۔واضح رہے کہ شرد پوار نے آج دہلی میں پارٹی قومی عاملہ کا اجلاس منعقد کیا۔ دہلی میں این سی پی صدر شرد پوار کی رہائش گاہ کے باہر بھی پوسٹر لگائے گئے ۔ پوسٹر میں لکھا ہے، سچ اور جھوٹ کی جنگ میں پورا ملک‘ شرد پوار صاحب کے ساتھ ہے اور ہندوستان کی تاریخ یہ ہے کہ اس نے دھوکے باز کو کبھی معاف نہیں کیا۔مہاراشٹر امیں چچا بھتیجے کی جنگ چل رہی ہے۔ دریں اثنا این سی پی کے بانی اور صدر شرد پوار نے پارٹی کارکنوں سے کہا ہے کہ وہ پریشان نہ ہوں۔وائی بی چوان سنٹر میں پارٹی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے شرد پوار نے کہا کہ لیڈروں کی نئی نسل تیار کرنے کا وقت آگیا ہے۔ پارٹی کے نام اور انتخابی نشان کا دعویٰ کوئی بھی کرے لیکن اسے چھیننا ممکن نہیں۔اس سلسلہ میں انہوں نے الیکشن کمیشن کو بھی مکتوب لکھا۔انہوں نے کہا کہ ’میں ہی این سی پی کا چیف ہوں ‘۔
