بارامتی ۔ 31 جنوری (یو این آئی) نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (شرد پوار دھڑا) کے صدر شرد پوار نے ہفتہ کے روز کہا کہ وہ سنیترا پوار کی حلف برداری کی کسی بھی تقریب سے نہ تو واقف ہیں اور نہ ہی اس حوالے سے خاندان کے اندر کوئی تجویز یا گفتگو ہوئی ہے ۔ بارامتی میں علی الصبح میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے واضح کیا کہ این سی پی کے دونوں دھڑوں کے اتحاد کا خیال اجیت پوار کی خواہش تھا اور ان کی جماعت بھی اسی نتیجے کی خواہاں رہی ہے ۔ شرد پوار نے کہا کہ اجیت پوار کی موت مہاراشٹر کے لیے ایک ناقابلِ تلافی نقصان ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنلسٹ کانگریس پارٹی اور این سی پی (شرد پوار دھڑا) کے اتحاد سے متعلق بات چیت کئی مہینوں سے جاری تھی، تاہم المناک فضائی حادثے کے بعد یہ سلسلہ رک گیا۔ ان کے مطابق گزشتہ چھ ماہ سے اجیت پوار اور این سی پی ایس پی کے رہنما جینت پاٹل کے درمیان بات چیت ہو رہی تھی مگر اجیت پوار کے حادثے کے بعد یہ عمل ختم ہو گیا۔سنیترا پوار سے متعلق سوال پر شرد پوار نے کہا کہ انہیں حلف برداری کی کسی بھی تقریب کی نہ اطلاع اور نہ ہی دعوت دی گئی ہے جبکہ اجیت پوار کی موت کے بعد خاندان کے اندر بھی کوئی گفتگو نہیں ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ انہیں صرف میڈیا رپورٹس کے ذریعے معلوم ہوا کہ ممبئی میں کچھ بات چیت جاری ہے ۔ شرد پوار نے مزید کہا کہ دوسرے دھڑے کے قائدین سنیل تٹکرے اور پرفل پٹیل کو اپنی جماعت کے لیے فیصلے کرنے کا حق حاصل ہے اور بظاہر انہوں نے کوئی فیصلہ کیا ہے تاہم وہ اس پر کوئی تبصرہ نہیں کریں گے ۔