راہول اورسونیا گاندھی سے پرشانت کشور کی ملاقات ‘ قیاس آرائیوں کا بازار گرم
نئی دہلی: انتخابی پالیسی ساز پرشانت کشور اور گاندھی فیملی کے درمیان منگل کے روز ہوئی ملاقات کے بعد نئی بات سامنے آئی ہے۔ ذرائع کے حوالے سے خبر ہے کہ میٹنگ کے دوران ریاستوں میں انتخاب پر نہیں بلکہ آئندہ صدر جمہوریہ انتخاب کو لے کر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس دوران امیدوار کے طور پر اپوزیشن جماعتوں کی پسند کے طور پر نیشنلسٹ کانگریس پارٹی (این سی پی) کے سربراہ شرد پوار کا نام سامنے آیا ہے۔ خاص بات یہ ہے کہ حال ہی میں پرشانت کشور نے دو بار شرد پوار سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی تھی۔ اس دوران قیاس آرائی کی جارہی تھی کہ ملک کی اپوزیشن جماعتیں برسراقتدار بی جے پی کے خلاف نئے سیاسی حالات یا تیسرے محاذ کی تیاری کر رہے ہیں۔پرشانت کشور نے منگل کے روز دارالحکومت دہلی واقع رہائش گاہ پر راہول گاندھی، پرینکا گاندھی واڈرا سے ملاقات کی تھی۔ اس میٹنگ میں کانگریس کی صدر سونیا گاندھی بھی ورچوئل شامل ہوئی تھیں۔ تب کہا جا رہا تھا کہ یہ میٹنگ پنجاب کانگریس میں جاری رسہ کشی کو ختم کرنے یا آئندہ اسمبلی انتخابات کو لے کر کی گئی تھی۔ وہیں میڈیا رپورٹس میں کہا جا رہا تھا کہ اس میٹنگ کے ذریعہ کانگریس 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات کی تیاریوں میں مصروف ہوگئی ہے۔سال 2017 کے اترپردیش انتخابات میں کانگریس کی ناکامی کے پانچ سال بعد راہل گاندھی اور پرشانت کشور کی ملاقات ہوئی تھی۔ اس لحاظ سے بھی میٹنگ کو کافی اہم مانا جا رہا تھا۔ سماجوادی پارٹی کے ساتھ اتحاد میں یوپی اسمبلی انتخابات لڑ رہی کانگریس کا ’یوپی کے لڑکے‘ کا نعرہ فیل ہوگیا تھا اور پارٹی کو شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔الیکشن کے نتائج کے اعلان کے بعد پرشانت کشور نے کہا تھا کہ یہ ہونا ہی تھا۔ انہوں نے کانگریس کے کام کرنے کے طریقے پر سوال اٹھایا تھا۔ ساتھ ہی پارٹی کو ضدی اور مغرور بتایا تھا۔ پرشانت کشور نے یہ تک کہہ دیا تھا کہ مستقبل میں کانگریس کے ساتھ کام کرنے کا کوئی سوال ہی نہیں اٹھتا، لیکن وہ پرینکا گاندھی کے رابطے میں بنے رہیں گے۔