ممبئی : این سی پی کے سربراہ شرد پوار نے آج چیف منسٹر مہاراشٹرا ایکناتھ شنڈے سے ملاقات کی ۔ یہ ملاقات نصف گھنٹے کی رہی ۔ مہاراشٹرا میں گذشتہ سال مہا وکاس اگھاڑی کی ادھو ٹھاکرے حکومت کے زوال اور ایکناتھ شنڈے کے چیف منسٹر بننے کے بعد دونوں قائدین کی یہ پہلی ملاقات تھی ۔ اس ملاقات کو سیاسی حلقوں میں اہمیت دیتے ہوئے کئی قیاس آرائیاں کی جا رہی ہیں کیونکہ اس ملاقات کے ایجنڈہ کا کسی کو علم نہیں تھا ۔ بعد ازاں شرد پوار نے ٹوئیٹ کرتے ہوئے اطلاع دی کہ انہوں نے ایک تقریب میں شرکت کی دعوت دینے چیف منسٹر سے ملاقات کی تھی ۔ انہوں نے کہا کہ ممبئی کے مراٹھا مندر کے امرت مہوتسو تقاریب ہونے والی ہیں جس میں انہوں نے چیف منسٹر کو مدعو کیا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ انہوں نے ریاست میں آدی واسیوں کے مسائل پر بھی بات چیت کی ہے ۔ اس کے علاوہ مراٹھی فلمی صنعت سے وابستہ افراد کے مسائل کا بھی انہوں نے بات چیت میں جائزہ لیا ہے ۔ شرد پوار نے ٹوئیٹر پر مراٹھی میں پوسٹ کرتے ہوئے بتایا کہ مراٹھا فلم انڈسٹری کے مسائل پر غور کرنے کیلئے ایک اجلاس منعقد کیا جائیگا جس پر چیف منسٹر سے تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔