تلنگانہ کے پانی کے ایک خطرہ پر بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا ، ٹوئیٹ کرکے موقف کا اظہار
حیدرآباد : وائی ایس شرمیلا نے دونوں تلگو ریاستو ں کے درمیان پانی کے تنازعہ پر کہا کہ تلنگانہ کے ایک خطرہ پانی پر بھی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا ، ضرورت پڑنے پر وہ کسی کے بھی خلاف لڑائی کیلئے تیار ہیں ۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش حکومت رائلسیما لفٹ اریگیشن اسکیم کے کاموں کا آغاز کیا جس پر تلنگانہ حکومت اور تلنگانہ کی تمام جماعتوں کے قائدین کی جانب سے اعتراض کیا جارہا ہے اور آندھراپردیش کو تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔ شرمیلا تلنگانہ میں نئی پارٹی تشکیل دے کر سرگرمیوں کا آغاز کرچکی ہے اور مختلف مسائل پر چیف منسٹر کو تنقید کا نشانہ بنارہی ہیں ۔ پریشان حال عوام سے ملاقات کررہی ہے ۔ آندھراپردیش میں ان کے بھائی جگن موہن ریڈی چیف منسٹر ہیں اور پانی کے تنازعہ پر سیاسی جماعتوں کے قائدین اور عوام شرمیلا نے ردعمل کا انتظار کررہے تھے ۔ آج شرمیلا نے اس مسئلہ پر اپنا ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے واضح کردیا کہ وہ تلنگانہ اور اس کے مفادات سے ہونے والی ناانصافیوں پر خاموش نہیں رہیں گی ۔ انہوں نے بلواسطہ طور پر ضرورت پڑنے پر اپنے بھائی کے خلاف بھی آواز اٹھانے کا اعلان کیا ہے ۔اس مسئلہ پر شرمیلا نے ایک ٹوئیٹ کرتے ہوئے واضح کردیا کہ تلنگانہ سے ہونے والی ناانصافیوں کو برداشت نہیں کریں گی ۔