شمولیت دہلی یا حیدرآباد کہاں ہوگی فوری اسکا علم نہیں ہوسکا، کئی قائدین کاکانگریس سے رابطہ
حیدرآباد۔ 13 ستمبر (سیاست نیوز) وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کی سربراہ شرمیلا کے 15 ستمبر کو سونیا گاندھی اور راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہونے کے قوی امکانات ہیں۔ 16 اور 17 ستمبر کو حیدرآباد میں کانگریس کمیٹی کا (سی ڈبلیو سی) اجلاس منعقد ہو رہا ہے۔ اس اجلاس میں شرکت کرنے کے لئے گاندھی خاندان کے ارکان 15 ستمبر کو شام میں حیدرآباد پہنچ رہے ہیں۔ تاہم اس بات کا علم نہیں ہوسکا کہ شرمیلا دہلی پہنچ کر یا حیدرآباد میں کانگریس پارٹی میں شامل ہوں گی۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کو کانگریس میں ضم کرنے سے متعلق مذاکرات تقریباً مکمل ہوگئے ہیں۔ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ کانگریس کے فارمولہ سے شرمیلا نے اتفاق کیا ہے۔ شرمیلا تلنگانہ میں سرگرم رول ادا کرنا چاہتی ہیں مگر صدر تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی ریونت ریڈی اور ان کے حامی قائدین تلنگانہ میں شرمیلا کے سرگرم رول پر اعتراض کررہے ہیں اور اپنی رائے سے پارٹی ہائی کمان کو واقف کراچکے ہیں۔ ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ ان قائدین نے کانگریس ہائی کمان کو ایک رپورٹ پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2018 کے انتخابات میں تلگودیشم سے اتحاد پر کانگریس کو نقصان پہنچا ہے۔ اگر شرمیلا کو پارٹی میں شامل کیا جاتا ہے تو اس کے منفی اثرات کانگریس پارٹی پر پڑنے کے امکانات ہیں۔ وائی ایس آر تلنگانہ پارٹی کے ذرائع نے بھی بتایا کہ 15 ستمبر کو شرمیلا کے سونیا گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس پارٹی میں شامل ہونے کے امکانات ہیں۔ کانگریس کے ذرائع سے پتہ چلا ہیکہ 16 ستمبر کو مختلف سیاسی جماعتوں کے 50 سے زائد قائدین راہول گاندھی سے ملاقات کرتے ہوئے کانگریس میں شامل ہوں گے۔ اسی دوران وائی ایس شرمیلا کے بھی کانگریس میں شامل ہونے کے امکانات ظاہر کئے جارہے ہیں۔ تلنگانہ میں کانگریس پارٹی آئندہ انتخابات میں اپنے موقف کو مستحکم کرنے اور کامیابی یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہے۔ ن