شرمیلا کے جلسہ عام کے لیے کھمم میں تیاریاں مکمل

   

600 گاڑیوں کے قافلے میں شرمیلا کی روانگی کا منصوبہ ، وجیہ اماں مہمان خصوصی
حیدرآباد :۔ نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کے لیے ابھی تک لوٹس پاونڈ میں سرگرم مشاورت کرنے والی شرمیلا پہلی مرتبہ 9 اپریل کو عوام سے رجوع ہورہی ہے ۔ جمعہ کو کھمم کے پویلین گراونڈس پر منعقد شدنی سنکلپ سبھا جلسہ عام کے ذریعہ وہ خطاب کریں گی ۔ تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کی وجوہات سے وہ عوام کو واقف کرائیں گی ۔ سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کا اہلیہ وجیہ اماں وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے بااعتبار عہدہ صدر ہے ۔ مگر وہ شرمیلا کے جلسہ عام میں بحیثیت ماں شریک ہورہی ہیں ۔ پارٹی کی قائد اندرا شوبھنا نے کہا کہ وجیہ اماں اپنی دختر کو آشیرواد دینے پہونچ رہی ہیں ۔ جمعہ کو صبح 8 بجے 600 کاروں کے قافلے میں شرمیلا لوٹس پاونڈ سے ریالی میں روانہ ہوں گی ۔ یہ ریالی لکڑی کا پل ، کوٹھی ، دلسکھ نگر ، ایل بی نگر ، حیات نگر ، چوٹ اپل ، نکریکل ، سوریہ پیٹ سے کھمم پویلین گراونڈ کو پہونچیں گی ۔ شرمیلا نے ایک لاکھ عوام کے ساتھ جلسہ عام منعقد کرنے کا پہلے فیصلہ کیا تھا تاہم کورونا وبا کے تیزی سے پھیلنے پر پولیس نے صرف 6 ہزار عوام کے ساتھ کوویڈ 19 کے رہنمایانہ اصول پر جلسہ عام منعقد کرنے کی اجازت دی ہے ۔ جلسہ عام کے انچارج کنڈا راگھوا ریڈی نے کہا کہ کورونا کے قواعد پر عمل کرتے ہوئے جلسہ عام کا انعقاد کیا جائے گا جس کے لیے تیاریاں مکمل ہوگئی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ راج شیکھر ریڈی نے جو فلاحی اسکیمات کو متعارف کرایا تھا اس پر عمل آوری صرف شرمیلا سے ممکن ہے ۔۔