وادی کشمیر میں اپنی شعلہ بیانی کی وجہ سے مشہور عالم دین سرجان برکاتی کو ہفتے کے روز رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا ہے ۔جنوبی ضلع شوپیاں کے ربن گاؤں سے تعلق رکھنے والے موصوف عالم دین کے اہلخانہ نے بتایا کہ ہفتے کی صبح زینہ پورہ پولیس نے انھیں رہائش گاہ سے گرفتار کیا۔ برکاتی نے عید الفطر کے موقع پر سال گذشتہ اپنی رہائی کے بعد پہلی بار خطبہ دیا تھا جس میں انہوں نے فلسطین پر ہو رہے اسرائیلی حملوں کے متعلق بات کی تھی۔ ایک پولیس افسر نے بھی برکاتی کی گرفتاری کی تصدیق کی ہے تاہم انہوں نے گرفتاری کے وجوہات ظاہر کرنے سے اجتناب کیا۔برکاتی سال 2016 میں معروف حزب کمانڈر برہان مظفر وانی کی ہلاکت کے بعد ایجی ٹیشن میں اپنے منفرد انداز میں نعرہ بازی کرنے پر مشہور ہوئے جس کے بعد انہیں یکم اکتوبر 2016 کو گرفتار کیا گیا تھا۔