ممبئی، 14 اگست (یو این آئی)بالی ووڈ کی معروف اداکارہ شلپا شٹی اور ان کے بزنس مین شوہر راج کندرا کے خلاف ممبئی پولیس کے اقتصادی جرائم ونگ نے 60 کروڑ روپے سے زائد کی مبینہ دھوکہ دہی کے الزام میں مقدمہ درج کر لیا۔ الزام ہے کہ شہر کے ایک تاجر سے کاروباری سرمایہ کاری کے بہانے بھاری رقم حاصل کر کے اسے ذاتی اخراجات پر خرچ کیا گیا۔ یہ مقدمہ جوہو پولیس اسٹیشن میں لوٹس کیپٹل فائنینشل سروسز کے ڈائریکٹر دیپک کوٹھاری (60) کی شکایت پر درج ہوا۔ کوٹھاری کا کہنا ہے کہ 2015 سے 2023 کے درمیان انہوں نے بیسٹ ڈیل ٹی وی پرائیویٹ لمیٹڈ کے نام پر، جو شلپا شیٹی اور راج کندرا کی کمپنی ہے ، کاروبار کو وسعت دینے کے لیے 60.48 کروڑ روپے منتقل کیے ، مگر فنڈز کو مبینہ طور پر نجی استعمال میں لے لیا گیا۔ پولیس کے مطابق کوٹھاری کی ملاقات راج کندرا سے ایک مشترکہ دوست کے ذریعہ کرائی گئی تھی۔