شمال مشرقی بحیرہ عرب :ہوا کے دباؤ میں کمی ، طوفان کا اندیشہ

   

ریاض، 3 اکتوبر (یواین آئی) شمال مشرقی بحیرہ عرب میں موجود ڈیپ ڈپریشن آج رات تک سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے اور آئندہ 24 گھنٹوں میں اس کی شدت میں اضافہ ہوسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سسٹم کے زیرِ اثر تھرپارکر، عمرکوٹ، بدین، ٹھٹھہ، سجاول، ٹنڈو محمد خان، حیدرآباد، مٹیاری اور جامشورو کے اضلاع میں جبکہ کراچی ڈویژن کے چند ایک مقامات پر ہلکی سے درمیانی شدت کی آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے ۔ مزید کہا گیا ہے کہ صوبے کے دیگر حصوں میں گرم اور خشک موسم برقرار رہنے کا امکان ہے۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے ساحل کے قریب ’40 سے 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چلنے کا امکان ہے ، جبکہ یہ ہواؤں کی رفتار 55 کلومیٹر فی گھنٹہ تک جا سکتی ہے ۔

مزید کہا گیا ہے کہ ماہی گیروں کو اتوار تک گہرے سمندر میں جانے سے گریز کرنے کی ہدایت کی گئی ہے ۔

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا کہ آندھی اور بجلی ‘کچی آبادیوں کے کمزور ڈھانچوں جیسے چھتیں اور دیواریں، بجلی کے کھمبے ، بورڈز، گاڑیاں اور سولر پینل’ کو نقصان پہنچا سکتی ہے ۔