ژیان۔ 27 ستمبر (یو این آئی) چین کے شمال مغربی صوبے شانزی کی ژین پنگ کاؤنٹی میں کوئلہ کان کی سرنگ ڈہنے سے اس میں پھنسے تینوں مزدور ہفتے کی صبح مردہ پائے گئے ، مقامی ایمرجنسی رسپانس افسران نے یہ اطلاع دی۔ انکانگ شہر کی ژین پنگ کاؤنٹی میں کوئلہ کان میں زیر زمین سرنگ کا ایک حصہ جمعرات کو ڈیہہ گیا جس میں تین مزدور پھنس گئے ۔ کاؤنٹی کے افسران نے پہلے کہا تھا کہ حادثے کے وقت آٹھ کارکن کان میں مرمت کا کام کر رہے تھے ، جن میں سے پانچ بحفاظت باہر نکلنے میں کامیاب ہو گئے ۔ طبی عملے کے مطابق، تین پھنسے ہوئے کارکنوں کو آج دوپہر 1:20 بجے تک نکال لیا گیا، لیکن ان میں زندگی کی کوئی آثار نظر نہیں آئے ۔ سال 1998 کی اس کان میں حفاظتی خدشات کے پیش نظر مارچ 2024 سے مرمت کا کام جاری ہے ۔ حادثہ کی وجوہات کی تحقیقات جاری ہے ۔
یمن میں قبائلی لیڈر کا قتل
عدن۔ 27 ستمبر (یو این آئی) یمن کے جنوبی بندرگاہی شہر عدن میں نامعلوم مسلح افراد نے جمعہ کو ایک سرکردہ قبائلی لیڈر کو گولی مار کر ہلاک کر دیا، یہ بات ایک سکیورٹی اہلکار نے ہفتے کے روز بتائی۔ ایک مقامی سکیورٹی اہلکار نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ایک سرکردہ قبائلی لیڈر اور کمیونٹی کی شخصیت شیخ مہدی عقربی کو بیر احمد کے علاقے میں اس وقت گولی مار دی گئی جب وہ نماز جمعہ کے لیے قریبی مسجد میں جا رہے تھے ۔ اہلکار کے مطابق عقربی بغیر کسی سکیورٹی اہلکار کے اکیلے چل رہے تھے کہ حملہ آوروں نے فائرنگ کر دی جس سے وہ شدید زخمی ہو گئے ۔ انہیں عدن کے ایک اسپتال لے جایا گیا لیکن بعد میں وہ انتقال کر گئے ۔سیکوریٹی فورسز نے فوری طور پر علاقے کو محاصرے میں لے کر حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ کسی گروپ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی ہے ۔