واشنگٹن : شمالی امریکہ کے خطوں میں حکام نے ایک بار پھر سے سخت گرمی کی لہر کے تئیں خبردار کیا ہے۔ شدید درجہ حرارت کے سبب متعدد شہروں میں انخلا، راستوں کی بندش اور ریل کی آمد و رفت کو محدود کرنے کے احکامات دینے پڑے ہیں۔امریکہ اور کینیڈا جیسے ممالک میں 11جولائی اتوار کے روز عوام کو بڑھتے ہوئے درجہ حرارت کی وجہ سے شدید پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑا کیونکہ گرمی کی شدید لہر کے سبب حکام کو بعض علاقوں سے انخلا کروانا پڑا جبکہ کچھ علاقوں میں سڑکوں کی بندش اور ٹرین سروسز کو بھی محدود کرنا پڑا۔امریکی محکمہ موسمیات نے اپنی ویب سائٹ پر اعلان کیا ہے کہ گرمی کی، ”ایک خطرناک لہر مغربی امریکہ کے بیشتر علاقوں کو متاثر کر سکتی ہے اور اس کی وجہ سے ریکارڈ توڑ درجہ حرارت کا امکان ہے۔ اس میں فینکس اور سان جوز جیسے شہروں میں بھی شدید گرمی کے لیے متنبہ کیا گیا ہے۔امریکہ اور کینیڈا کے بعض علاقوں میں چند ہفتے قبل بھی شدید گرمی پڑی تھی جس میں درجنوں افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
ماحولیات پر نظر رکھنے والے یورپی یونین کے ایک ادارے کے مطابق شمالی امریکہ میں گزشتہ جون اب تک کا سب سے گرم مہینہ تھا۔شدید گرمی کی وجہ سے جنگلوں میں آگ بھی لگ گئی تھی جس کی وجہ سے جنگل کے کافی بڑے علاقے تباہ ہو گئے۔ جنگلوں میں آگ کی وجہ سے مختلف علاقوں کے لوگوں کو مجبوراً اپنی رہائش گاہوں سے انخلا کرنا پڑا۔ امریکی ریاست کیلیفورنیا کے ڈیتھ ویلی علاقے میں سب سے زیادہ درجہ حرارت درج کیا جاتا ہے۔