بنگلورو 4 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) شمالی کرناٹک میں سینکڑوں گاوں زیر آب آگئے ہیں جبکہ پڑوسی مہاراشٹرا میں کوئنا ڈیم سے دو لاکھ کیوسکس پانی چھوڑا گیا تھا ۔ اس کے علاوہ علاقہ میں شدید بارش بھی ہو رہی ہے جس کے بعد انتظامیہ نے راحت اور امدادی کاموں کیلئے فوج کو طلب کرلیا ہے ۔ چیف منسٹر بی ایس ایڈورپا نے علاقہ میں صورتحال کا جائزہ لیا ہے اور وہ کل پیر کو متاثرہ علاقوں کا فضائی سروے کریں گے ۔ عہدیداروں نے یہ بات بتائی ۔ کہا گیا ہے کہ اب تک اس سیلاب میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ہے اور انتظامیہ سخت چوکسی اختیار کئے ہوئے ہے ۔ کم از کم پانچ اضلاع بیلگاوی ‘ باگل کوٹ اور رائچور سب سے زیادہ متاثر ہوئے ہیں۔ وجئے پورا اور یادگار کے کچھ مقامات بھی اس سے متاثر ہیں۔ بیلگاوی میں امدادی و راحت کاموں کیلئے فوج کی مدد لی جا رہی ہے ۔