شمالی کوریا بڑی معاشی طاقت بن سکتا ہے: ٹرمپ

,

   

نیوکلئیر ہتھیاروں کو ترک کرنا ضروری ۔ ہنوئی ملاقات سے قبل ٹوئیٹس
واشنگٹن 24 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے آج کہا کہ شمالی کوریا اگر اپنے نیوکلئیر اسلحہ کو تر ک کردے تو وہ عظیم معاشی طاقتوں میں سے ایک بن سکتا ہے ۔ ٹرمپ نے شمالی کوریائی لیڈر کم جونگ ان کے ساتھ ملاقات سے قبل یہ بات کہی ۔ ٹرمپ اور کم جونگ ان 27 اور 28 فبروری کو ویتنام کے شہر ہنوئی میں ملاقات کرنے والے ہیں۔ اس دورہ پر روانگی سے قبل ٹرمپ نے اپنے مسلسل ٹوئیٹس میں چین اور روس کی ستائش کی اور کہا کہ دونوں ملکوں نے شمالی کوریا پر تحدیدات عائد کئے تھے جن کے نتیجہ میں کم جونگ ان بات چیت کیلئے آگے آئے ہیں۔ ٹرمپ نے اپنے ایک ٹوئیٹ میں کہا کہ ان کے خیال میں شمالی کوریائی لیڈر کو یہ بات سب سے زیادہ بہتر انداز میں سمجھ میںآتی ہے کہ اگر ان کا ملک نیوکلئیر ہتھیاروں کو ترک کردے تو وہ ایک بڑی معاشی طاقت بن سکتا ہے ۔ ان کا ملک جس مقام پر واقع ہے اور شمالی کوریا کے عوام میں جو صلاحیتیں ہیں ان کے مطابق یہ ملک بہت تیزی سے ترقی کرسکتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انہیں اور کم جونگ ان کو امید ہے کہ بات چیت کا عمل جو سنگاپور میں پہلی ملاقات کے ذریعہ شروع ہوا تھا وہ آگے بھی جا ری رہے گا ۔ امریکہ کا دعوی ہے کہ پہلی ملاقات میں کم جونگ ان نے نیوکلئیر ترک اسلحہ کی سمت کام کرنے سے اتفاق کیا تھا ۔ کم جونگ ان ان کے ملک پر عائد تحدیدات ختم کرنے کا مطالبہ کر رہے ہیں۔