سیول ۔ 25 جولائی (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا کے جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کے ایک اہم بیان کے مطابق شمالی کوریا نے جنوبی کوریا کے سمندری حدود میں کم دوری پر حملہ کرنے والے دو میزائلس داغے۔ یاد رہیکہ شمالی کوریا نے امریکہ اور جنوبی کوریا کے درمیان ہونے والی فوجی مشقوں کے خلاف انتباہ دیا تھا اور واضح کردیا تھا کہ اس نوعیت کی مشقیں امریکہ اور شمالی کوریا کے درمیان نیوکلیئر مذاکرات پر اثرانداز ہوں گی۔ اطلاعات کے مطابق شمالی کوریا نے صبح کی اولین ساعتوں میں دو میزائلس داغے اور وہ میزائلس 430 کیلو میٹرس کا فاصلہ طئے کرتے ہوئے ایسٹ سی (سمندر) میں جاگرے۔ البتہ یہ معلوم نہیں ہوسکا کہ شمالی کوریا کے میزائل داغنے کو وہاں کے قائد کم جونگ ان کی سرپرستی حاصل تھی یا نہیں جبکہ امریکہ کے ساتھ ہتھیاروں کے تجزیہ کا سلسلہ ہنوز جاری ہے۔
