شمالی کوریا کا 3 ماہ کے دوران نواں میزائل تجربہ

   

سیئول : جنوبی کوریا کی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ شمالی کوریا نے سمندر میںنامعلوم مقام کی جانب سے میزائل فائر کیا ہے۔ شمالی کوریا رواں برس اب تک 9بار مختلف طرح کے ہتھیاروں کا تجربہ کر چکا ہے۔ دوسری جانب سلامتی کونسل نے نئے میزائل تجربے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ شمالی کوریا کی جوہری اور میزائل سے متعلق تمام تنصیبات کی سختی سے نگرانی کی جائے گی۔ جنوبی کوریا کی فوج نے بتایا ہے کہ تازہ ترین میزائل سونان کے قریب ایک مقام سے لانچ کیا گیا۔ سونان شمالی کوریا کے دارالحکومت پیانگ یانگ کا ایک شمال مغربی ضلع ہے اور شہر کے بین الاقوامی ہوائی اڈے کی میزبانی کرتا ہے۔ شمالی کوریا ماضی میں بھی کئی بار اپنے نئے ہتھیاروں کے تجربے کے لیے اسی ہوائی اڈے کا استعمال کرتا رہا ہے۔ 27 فروری کو بھی اس نے اپنے جاسوس سیٹلائیٹ سسٹم کا تجربہ بھی یہیں سے کیا تھا۔