شمالی کوریا کے میزائل تجربات،11 ممالک کی مذمت

   

پیانگ یانگ : شمالی کوریا اس سال کے آغاز کے بعد سے اب تک میزائل کے نو تجربات کرچکا ہے۔اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں گیارہ ملکوں نے پیانگ یانگ کے اس اقدام کی گزشتہ روز مذمت کی۔ایک مشترکہ مذمتی بیان شمالی کوریا کی جانب سے ایک اور بیلسٹک میزائل کا تجربہ کیے جانے کے دو روز بعد جاری کیا گیاہے۔شمالی کوریا کی جانب سے میزائل کے اس تازہ ترین تجربے کے بعد سلامتی کونسل کی میٹنگ کے بعد اقوام متحدہ میں امریکی سفیر لنڈا تھامس گرین فیلڈ نے ایک مشترکہ بیان جاری کیا۔بیان میں کہا گیا ہے کہ شمالی کوریا نے 5 مارچ کو ہتھیاروں کے تجربات کے ذریعہ سلامتی کونسل کی متعدد قراردادوں کی خلاف ورزی کی ہے۔امریکہ کی طرف سے جاری اس بیان پر دستخط کرنے والوں میں البانیہ، آسٹریلیا، برازیل، فرانس، آئرلینڈ، جاپان، نیوزی لینڈ، ناروے، جنوبی کوریا اور برطانیہ شامل ہیں۔مذکورہ گیارہ ملکوں نے شمالی کوریا کو مناسب جواب دینے میں اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ناکامی پر بھی افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پیونگ یانگ کے خلاف اقدامات نہ کرکے عالمی ادارے نے اپنی ساکھ کو نقصان پہنچایا ہے۔