واشنگٹن ۔ 8 نومبر (ایجنسیز) امریکی فوج کے مطابق شمالی کوریا کے میزائل تجربے سے امریکہ اور اتحادیوں کو کوئی فوری خطرہ نہیں ہے۔ غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق یونائیٹڈ اسٹیٹس انڈو پیسیفک کمانڈ کا کہنا ہے کہ شمالی کوریا کے تازہ ترین میزائل تجربے امریکی اہلکاروں، خطہ اور ہمارے اتحادیوں کے لیے فوری خطرہ نہیں ہیں۔ امریکی فوج کے مطابق بیلسٹک میزائل تجربہ شمالی کوریا کے عدم استحکام پیدا کرنے والے اقدامات کو اجاگر کرتا ہے۔ تاہم امریکہ اپنے اور خطہ میں اتحادیوں کے دفاع کے لیے تیار ہے۔ امریکی فوج کے مطابق ہم شمالی کوریا کے میزائل تجربے سے آگاہ ہیں، اتحادیوں اور شراکت داروں سے مشاورت کررہے ہیں۔ دوسری جانب شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ وہ بیرونی خطرات کے خلاف جارحانہ کارروائیاں کرنے اور امریکہ کی جانب سے عائد نئی پابندیوں کا جواب دینے کے لیے تیار ہے۔