پیانگ یانگ، 2 ستمبر (یو این آئی) شمالی کوریا کے سربراہ کم جونگ ان بذریعہ ٹرین چین کیلئے روانہ ہوگئے ۔ شمالی کوریا کے سپریم لیڈر کم جونگ اُن چین میں اس وکٹری پریڈ میں شریک ہوں گے جو دوسری جنگِ عظیم کے خاتمے پر جاپان کے سرنڈر کی یاد میں، 80 سال مکمل ہونے پر خصوصی طور پر منعقد کی جا رہی ہے ۔ کم جونگ اُن کے علاوہ 25 دوسرے سربراہان مملکت بھی اس پریڈ میں مہمان ہونگے ۔ تاریخ میں پہلی بار ہونے جارہا ہے کہ شمالی کورین سربراہ کم جونگ ان، چینی صدر ژی جن پنگ اور روسی صدر ولادیمیر پوٹن کسی ایک مقام پر ایک ساتھ موجود ہونگے ۔ شمالی کورین سربراہ ستمبر 2023ء کے دورہ روس کیلئے بھی خصوصی ٹرین کا استعمال کرچکے ہیں، یہ ٹرین بکتربند خصوصیات کی حامل ہے ۔
برطانیہ میں پناہ گزینوں کے خاندان بلانے کی نئی درخواستیں عارضی طور پر معطل
لندن، 2ستمبر (یو این آئی) برطانیہ نے پناہ گزینوں کیلئے خاندان کو بلانے کی نئی درخواستیں عارضی طور پر معطل کردیں۔ برطانیہ کی وزیرداخلہ یویٹ کوپر نے پناہ گزینوں کے نظام میں بڑی تبدیلیوں کا اعلان کردیا، انہوں نے کہا کہ فی الحال پناہ گزین خاندان کے ملاپ کی نئی درخواستیں جمع نہیں کرا سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اس اقدام کے بعد پناہ گزینوں پر وہی شرائط لاگو ہوں گی جو دیگر مہاجرین کیلئے ہیں، ان شرائط میں کم از کم 29 ہزار پاؤنڈ سالانہ آمدنی، مناسب رہائش اور اہل خانہ کیلئے بنیادی انگریزی زبان کا علم شامل ہے ۔ وزیرداخلہ نے کہا کہ غیر قانونی پناہ گزینوں کی واپسی کے عمل کو تیز کیا جا رہا ہے اور مہنگے پناہ گزین ہوٹلوں کو بند کرنے کی بھی کوششیں جاری ہیں۔