وزیراعظم مودی کی صدارت میں اعلیٰ سطحی اجلاس، مغربی ہند میں طوفان کا جائزہ
نئی دہلی 5 نومبر (سیاست ڈاٹ کام) وزیراعظم نریندر مودی نے شمالی ہند میں آلودگی کی صورتحال کا جائزہ لینے کے لئے منگل کو یہاں منعقدہ اجلاس کی صدارت کی۔ اُنھوں نے یہ اجلاس ایک ایسے وقت طلب کیا جب قومی دارالحکومت دہلی اور اس کے اطراف و اکناف کے علاقوں میں ہوا کا معیار انتہائی ناقص اور سنگین زمروں میں آگیا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی کے دفتر نے ٹوئٹر پر لکھا کہ ’وزیراعظم نریندر مودی نے ایک اجلاس کی صدارت کی جس میں شمالی ہند کے مختلف علاقوں میں آلودگی سے پیدا شدہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا‘۔ وزیراعظم مودی نے مغربی ہند کے بعض حصوں میں طوفان باد و باراں سے پیدا ہونے والی صورتحال کا بھی جائزہ لیا۔ واضح رہے کہ وزیراعظم کے پرنسپال سکریٹری پی کے مشرا نے اتوار اور پیر کو دہلی، پنجاب اور ہریانہ کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ اجلاسوں میں اس صورتحال کا جائزہ لیا تھا۔ وزیراعظم نے کہاکہ چندرایان 2 ایک کامیاب مشن ہے جس سے نوجوانوں میں جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے۔ اُنھوں نے اعتراف کیاکہ پنجاب، ہریانہ، مرکز نے زرعی کچرا جلانے میں کوئی کمی نہیں آئی ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ دہلی میں مخالف آلودگی اقدامات پر 99 ہزار چالان جاری کئے گئے اور 14 کروڑ روپئے جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔