شمس آباد ایرپورٹ میں فلائیٹ میں بم رکھنے کی اطلاعات کا سخت نوٹ

   

سوشل میڈیا پلیٹ فارمس کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس، اے سی پی سرینواس راؤ کا خطاب

شمس آباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) شمس آباد ایرپورٹ میں فلائیٹ میں بم رکھنے کی جھوٹی اطلاعات ملنے کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ گزشتہ ایک ہفتہ سے فلائیٹس میں بم رکھنے کی اطلاعات مل رہی ہیں جس کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے جس سے ہوائی سفر میں مسلسل رکاوٹ پیدا ہورہی ہے۔ اس سلسلہ میں پانچ علحدہ علحدہ مقدمات بھی درج کئے گئے۔ پولیس سوشل میڈیا سے آنے والی اطلاع کو سنجیدگی سے لیتے ہوئے ان کا پتہ چلانے کیلئے ہر ممکنہ کوشش کررہی ہے اور انہیں ابھی تک ناکامی ہی ہاتھ لگی ہے۔ شمس آباد اے سی پی کے سرینواس راؤ نے بتایا کہ بم کی جھوٹی اطلاعات کیلئے سوشل میڈیا کا استعمال کیا جارہا ہے۔ ہر اکاؤنٹ جعلی ہونے کی وجہ سے تحقیقات کیلئے پیچیدگی پیدا ہورہی ہے۔ گمنام اکاؤنٹ جو صرف بم کی جھوٹی اطلاع دینے کیلئے استعمال کیا جارہا ہے۔ ان جھوٹی اطلاع سے ہوائی سفر متاثر ہورہا ہے جس سے ایرلائنس کو بھاری نقصان اٹھانا پڑرہا ہے اور ساتھ ہی مسافرین میں خوف پیدا ہورہا ہے۔ اے سی پی نے بتایا کہ جھوٹی افواہ صرف حیدرآباد ایرپورٹ کو ہی نہیں بلکہ ملک کے تقریباً سبھی بڑے شہروں کے ایرپورٹس کو وصول ہورہے ہیں۔ ان افواہ کو ہلکے میں بھی نہیں لیا جاسکتا۔ اب تک 100 سے زائد جھوٹی اطلاع مل چکی ہیں۔ ان افواہ کے پیچھے ان کا کیا منشاء ہے وہ تو ان کی گرفتاری کے بعد ہی پتہ لگایا جاسکتا ہے۔ اس سلسلہ میں وزارت آئی ٹی نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم خاص کر Meta اور X کے نمائندوں کے ساتھ اجلاس منعقد کرتے ہوئے افواہ پھیلانے والوں کا پتہ لگانے اور ان پر روک لگانے کے احکامات جاری کئے۔ آن لائن دھمکیوں سے مسافرین میں خوف پیدا ہورہا ہے۔ سیکوریٹی اداروں کو 24 گھنٹے مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ بم کی اطلاع ملنے پر فلائیٹس کا رخ تبدیل کرنا پڑرہا ہے ایسے میں وقت کی خرابی ہورہی ہیں۔ سیکوریٹی عملہ کو پریشانی اور ایرلائنس کو بڑے پیمانے پر نقصانات ہورہے ہیں۔ جب تک افواہ پھیلانے والوں کی گرفتاری عمل میں نہیں آئے گی سوشل میڈیا کے ذریعہ جھوٹی افواہ پھیلتے رہیں گے اور امید کی جارہی ہیں کہ جدید ٹکنالوجی کا استعمال کرکے ایسے اکاؤنٹس کو بند کردیا جائے گا اور افواہ پھیلانے والوں کی گرفتاری عمل میں آئے گی۔