مقامی ادارہ جات انتخابات پر حکمت عملی، کارتیک ریڈی اور دیگر کا خطاب
شمس آباد 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) شمس آباد منڈل کے موضع پداتپرا میں بی آر ایس قائدین کا اجلاس منعقد کیا گیا جس میں راجندر نگر اسمبلی حلقہ انچارج پی کارتک ریڈی کی ہدایت پر آنے والے مقامی انتخابات میں بی آر ایس پارٹی کی تمام سیٹوں پر انتخابات میں حصہ لیتے ہوئے کامیابی کیلئے مشاورت کی گئی۔ ڈی وجیا سرینواس سابق منڈل پریشد صدر نے اپنے خطاب میں کہاکہ کانگریس کے اقتدار میں آنے کے بعد سے نہ صرف عام لوگوں کو بلکہ زندگی کے تمام شعبوں سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو بہت زیادہ نقصان اُٹھانا پڑرہا ہے۔ رئیل اسٹیٹ کاکروبار مکمل طور پر تباہ ہوگیا ہے۔ ریاست معاشی بحران میں مبتلا ہوگئی ہے۔ کانگریس نے صرف جھوٹے وعدے اور اعلانات کرکے اقتدار حاصل کیا اور اپنے وعدوں کو پورا کرنے میں پوری طرح ناکام ہوچکی ہے۔ ریاست کی ترقی صرف بی آر ایس کے ذریعہ ہی ممکن ہے۔ انھوں نے عوام سے اپیل کی کہ مقامی انتخابات میں بی آر ایس کو کامیاب بنانے اور ریاست کی ترقی میں اپنا رول ادا کریں۔ اس موقع پر ڈی سی بی ڈائرکٹر ستیش، ستیہ نارائن گوڑ، سید غوث پاشاہ، بکیہ نائک، منچولا موہن راؤ بی آر ایس منڈل صدر کے علاوہ دیگر افراد موجود تھے۔