شنکرپلی میں آج سے تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع کا آغاز

   

جناب عامر علی خاں نے عہدیداروں کے ساتھ جائزہ لیا، حکومت کی جانب سے ہرممکن تعاون کا تیقن
حیدرآباد 2 جنوری (سیاست نیوز) رنگاریڈی ضلع کے شنکرپلی میں کل 3 جنوری سے تبلیغی جماعت کے سہ روزہ اجتماع کا آغاز ہوگا۔ انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے جناب عامر علی خان رکن قانون ساز کونسل نے اجتماع گاہ کا دورہ کیا اور عہدیداروں کے ساتھ اجلاس میں انتظامات کا جائزہ لیا۔ ریونیو ڈپارٹمنٹ، سائبرآباد پولیس اور دیگر محکمہ جات کے علاوہ تبلیغی جماعت کے ذمہ دار اجلاس میں شریک تھے۔ 5 جنوری تک جاری رہنے والے اجتماع کے سلسلہ میں تیاریوں کو قطعیت دی گئی اور حکومت کے محکمہ جات کی جانب سے مناسب سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ جناب عامر علی خان نے اجتماع گاہ میں فراہم کی جارہی سہولتوں کا جائزہ لیا اور منتظمین سے بات چیت کی۔ اجتماع گاہ میں 25 ڈائننگ گوشے قائم کئے گئے ہیں جن میں ہر ایک میں 3500 افراد کی گنجائش رہے گی۔ وضو خانے اور ٹائلیٹس بھی تعمیر کئے گئے۔ تلنگانہ جینکو کی اراضی پر تمام ضروری اجازت ناموں کے ذریعہ سہ روزہ اجتماع منعقد کیا جارہا ہے۔ منتظمین گزشتہ 45 دنوں سے دن رات انتظامات میں مصروف ہیں۔ جناب عامر علی خان نے اجتماع کے انعقاد کو خوش آئند قرار دیا اور کہاکہ اِس سے مسلمانوں کو اسلام اور شریعت سے قریب کرنے میں مدد ملے گی اور وہ اللہ تعالیٰ کے احکامات اور حضور اکرم صلی اللہ علیہ و سلم کی تعلیمات سے واقف ہوپائیں گے۔ اُنھوں نے کہاکہ اسلام نے نیکیوں اور اچھائیوں کے ساتھ ساتھ انسانی خدمت کی تعلیم دی ہے۔ جناب عامر علی خان نے کہاکہ اجتماع کے انعقاد کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے تمام تر سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں۔ حکومت اجتماع کے مؤثر انعقاد کی پابند ہے اور مختلف محکمہ جات اس سلسلہ میں اقدامات کررہے ہیں۔ 1