شوبھا یاترا کے ضمن میں نظام آباد میں جامع ٹریفک انتظامات

   

سڑکوں پر گاڑیوں کو پارک نہ کرنے اور مقررہ ہدایات پر سختی سے عمل آوری کی ہدایت ، ٹریفک تحدیداری کا نقشہ جاری: اے سی پی ٹریفک

نظام آباد۔ یکم اپریل ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس ٹریفک نظام آباد سید مستان علی نے ہنومان جینتی کے موقع پر 2 ؍اپریل کو نکالی جانے والی شوبھا یاترا کے پیش نظر شہر میں جامع ٹریفک انتظامات نافذ کرنے کا اعلان کیا اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ مقررہ ہدایات پر سختی سے عمل کرتے ہوئے پولیس کے ساتھ تعاون کریں۔ اے سی پی سید مستان علی نے بتایا کہ جلوس کنٹیشور مندر سے آغاز ہو کر زیڈ پی چوراستہ، حمال واڑی، قدیم پربھات ٹاکیز، ریلوے فلائی اوور، گودام روڈ، دیوی روڈ، ممتا سرکل، گاندھی چوک، نہرو پارک، اعظم روڈ، بڑا بازار، لکشمی میڈیکل اور آر آر چوراستہ تک پہنچے گاجہاں بڑی تعداد میں عقیدتمندوں کی شرکت متوقع ہے۔ ٹریفک پولیس نے واضح کیا کہ جلوس کے راستوں پر واقع علاقوں کے دکانداروں اور مکینوں کو ہدایت دی جاتی ہے کہ وہ یکم ؍اپریل کی رات 8 بجے سے 2 ؍اپریل کی رات 11:30بجے تک اپنی گاڑیوں کو سڑکوں پر پارک نہ کریں تاکہ جلوس کے دوران ٹریفک کی روانی متاثر نہ ہو۔ اس کے علاوہ شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز کرنے اور متبادل راستوں کا استعمال کرنے کا مشورہ دیا تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔انہوں نے مختلف علاقوں سے آنے جانے والی گاڑیوں کیلئے متبادل راستوں کا تعین بھی کیا ہے۔ حیدرآباد، عادل آباد اور ورنگل کی سمت جانے والی آر ٹی سی اور خانگی بسوں کو آر ٹی سی بس اسٹانڈ، زیڈ پی ٹی روڈ، سبھاش نگر رامالیہ، روی پبلک اسکول، ایس ایف ایس اسکول جنکشن، چندر شیکھر کالونی چوراستہ، کاجا ہوٹل سے کنٹیشور، بائی پاس کے راستے روانہ کیا جائے گا۔ اسی طرح بودھن سے آنے والی گاڑیوں کوارسہ پلی ریلوے گیٹ، نئے کلکٹریٹ، کاجا ہوٹل، چندر شیکھر کالونی، ایس ایف ایس جنکشن، سبھاش نگر، روی پبلک اسکول، زیڈ پی جنکشن، این ٹی آر چوراستہ سے گزرتے ہوئے بس اسٹانڈ پہنچنے کی ہدایت دی جبکہ بانسواڑہ سے آنے والی گاڑیوں کو ورنی چوراستہ، پولنگ سرکل، کورٹ سرکل، این ٹی آر چوراستہ اور ریلوے اسٹیشن کے راستہ سے گزرنے کی اجازت ہوگی۔انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ پیشگی منصوبہ بندی کے ساتھ اپنی آمد و رفت کو یقینی بنائیں اور ٹریفک پولیس کی ہدایات پر عمل کرتے ہوئے ایک ذمہ دار شہری ہونے کا ثبوت دیں تاکہ یہ مذہبی تقریب پُرامن اور خوشگوار ماحول میں مکمل ہو سکے۔