مدھے پورہ۔ شوقیہ فائرنگ ایک بار پھر موت کی نوید بن کرسامنے آئی۔تفصیلات کے مطابق مدھے پورہ ضلع کے ادا کشن گنج تھانہ علاقہ کے گاؤں شیخ پور چمن میں ، جمعہ کی شب دلہن کے رشتہ داروں کی طرف سے شوقیہ فائرنگ سے گولی لگنے سے دولہا کا بھائی فوت ہوگیا۔ گولی دولہے کے بھائی کے سینے کو چیرتی ہوئی سالے کو جا لگی جس سے وہ زخمی ہوگیا،وہ ابھی زیر علاج ہے۔ واقعہ کے بعد سے گاؤں کی صورتحال کشیدہ ہے۔ ادا کشن گنج پولیس واقعے کے مقام کی چھان بین کررہی ہے۔ شیخوپور چمن گاؤں کے راج کیشور یادو کی بیٹی خوشبو کی شادی 21 مئی کو ہونے والی تھی۔
لواحقین نے بتایا کہ بارات جمعہ کی شب ساڑھے گیارہ بجے وہاں پہنچی۔ اسی دوران جب بارات شادی کے مقام پر جارہی تھی،تو لڑکی کے رشتہ داروں نے رائفل سے شوقیہ فائرنگ شروع کردی۔ اس میں دلہن کا بھائی زخمی ہوگیا ، جب کہ دولہا کا بھائی ہلاک ہوگیا۔بتایا جارہا ہے کہ راج کشور یادو کی لڑکی کی شادی کی تقریب انتظامیہ کی اجازت کے بغیر کی جارہی تھی۔لوگوں کا کہنا ہے کہ جب شادی سے 3 دن قبل شادی کی تقریب کے متعلق پولیس اسٹیشن میں اطلاع دینی ضروری ہے ،اور انتظامیہ کی نگرانی میں محض 20 افراد کو شادی کی تقریب میں شرکت کی اجازت ہے تو پھر انتظامی اجازت کے بغیر اتنا بڑا واقعہ کیسے منعقد کیا گیا، یہ سوال کا موضوع ہے۔