شوہر اور اس کے دوست کی ہراسانی کا شکار خاتون کی خود سوزی

   

حیدرآباد۔یکم مارچ، ( سیاست نیوز) چیتنہ پوری کے علاقہ میں ایک خاتون نے خودسوزی کرلی جو شوہر کے ساتھی کے ہمراہ زندگی بسر کررہی تھی ۔ پولیس کے مطابق 35 سالہ خاتون راجیہ لکشمی عرف وجیہ نے 28 فبروری کو اپنے جسم پر پٹرول ڈال کر آگ لگالی جو علاج کے دوران کل رات فوت ہوگئی۔ وجیہ راگھویندرا نگر کتہ پیٹ علاقہ کے ساکن جتیندر کی بیوی تھی۔ شوہر کی مار پیٹ اور اذیت رسانی سے تنگ آکر جیہ نے اسے چھوڑ دیا تھا اور شوہر کے ساتھی مہیش کے ساتھ بغیر شادی کے ازدواجی زندگی بسر کررہی تھی۔ گزشتہ چند روز سے شوہر کی ہراسانیوں میں اضافہ ہوگیا اور وہ نشہ کی حالت میں وجیہ کو مار پیٹ کا نشانہ بنارہا تھا اور خاتون کے کردار پر شک کررہا تھا۔ اس بات سے وجیہ دلبرداشتہ ہوگئی تھی۔ جس نے انتہائی اقدام کرلیا۔ وجیہ کی شادی جتیندر سے 17 سال قبل ہوئی تھی اور اس کی دو لڑکیاں اور دو لڑکے ہیں۔ دیڑھ سال قبل اس نے شوہر سے علحدگی اختیار کرلی تھی اور شوہر کے ساتھی کے ساتھ رہتی تھی۔ پولیس چیتنہ پوری نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔