ریاض۔سعودی عرب میں ایک خاتون نے اپنے شوہر سے علیحدگی کا مطالبہ کرنے کے لئے انوکھا طریقہ اختیار کیا جس کیلئے اس نے اپنے شوہر کے واٹس ایپ پیغامات اور ویڈیو ز کی جاسوسی شروع کردی۔ خاوند کے واٹس ایپ اکاؤنٹ کو ہیک کرکے 9 ماہ تک اس کی نگرانی کرتی رہی اور پھر شوہر سے علیحدگی کی درخواست عدالت میں دائرکردی۔میڈیا نے تفصیلات فراہم کرتے ہوئے کہا کہ بیوی کو شبہ ہوگیا تھاکہ شوہر ان سے منحرف ہو رہے ہیں۔شبہ دور کرنے کے لئے مسلسل 9 ماہ تک ان کے تمام واٹس ایپ پیغامات کا جائزہ لیتی رہیں اور پھرعلیحدگی اور طلاق کی درخواست کردی۔ شوہر نے تنازعہ سے بچنے کے لئے مصالحت کی پیشکش کی ہے۔قانونی مشیر خالد ابو راشد نے واٹس ایپ کی کاپی کرکے اس کی نگرانی کی قانونی حیثیت پر قانونی رائے دیتے ہوئے کہا کہ خاتون نے جو کچھ کیا وہ قانون کی نظر میں جرم ہے۔ انفارمیشن کرائم کے دائرے میں آتا ہے جس کی سزا ایک برس قید اور پانچ لاکھ ریال تک جرمانہ ہے۔