عدالت کے احکام پر محبوب نگر ڈسٹرکٹ جیل منتقلی
حیدرآباد۔ 5 فروری (سیاست نیوز) ریاست بھر میں شوہر کو قتل کرکے ایک عرصہ قبل سنسنی پھیلانے والی ملزمہ سواتی ریڈی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ایک طویل عرصہ سے عدالت میں حاضر ہوئے بغیر لاپرواہی برتنے پر جج نے سواتی ریڈی کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کیا۔ بتایا جاتا ہے کہ ناگرکرنول مستقر سے تعلق رکھنے والی ملزمہ سواتی ریڈی نے اپنے ہی شوہر کو عاشق کے ساتھ مل کر ماہ نومبر 2017ء میں قتل کیا تھا اور پولیس نے انہیں شوہر کے قتل کرنے کے واقعہ میں ملزم کی حیثیت سے اس وقت ہی گرفتار کرکے عدالتی تحویل میں دے دیا تھا اور کئی دنوں تک جیل میں قید رہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ ماہ جولائی سال 2018ء میں سواتی ریڈی ضمانت پر جیل سے رہا ہوئیں اور انہیں محبوب نگر اسٹیٹ ہوم کو منتقل کیا گیا۔ قتل کیس کی تحقیقات اور عدالت میں کیس کی سماعت کے موقع پر ناگرکرنول ڈسٹرکٹ کورٹ میں کیس کی سماعت کے موقع پر عدالت میں حاضر نہیں ہوئی جس پر چوتھے فاسٹ ٹریک کورٹ کے جج مسٹر روی کمار نے سواتی ریڈی کے خلاف ناقابل ضمانت وارنٹ جاری کرکے کسی بھی صورت میں سواتی ریڈی کو گرفتار کرنے کی پولیس عہدیداروں کو ہدایات دی تھیں جس پر اسٹیٹ ہوم میں پائی جانے والی سواتی ریڈی کو پولیس نے گرفتار کرکے ناگرکرنول ڈسٹرکٹ کورٹ میں پیش کیا اور جج نے انہیں جیل ریمانڈ کرنے کے احکامات جاری کئے۔ جاری کردہ احکامات کی روشنی میں ملزمہ سواتی ریڈی کو محبوب نگر ڈسٹرکٹ جیل منتقل کردیا۔