شوہر کے کٹے ہوئے سر کے ساتھ بیوی پولیس اسٹیشن پہونچی

   

حیدرآباد ۔ 20 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز ) : میاں بیوی کا جھگڑا عام بات ہے ۔ مگر جتنا جلد ہو سمجھوتہ ہوجائے بہتر ہے ، جس سے ہر دو کے لیے فائدہ ہے ۔ انانیت سے مسائل بننے کے بجائے بگڑتے ہیں ۔ ایسے کئی واقعات پیش آئے ہیں یا تو شادیاں ٹوٹ گئی ہیں یا خون خرابہ ہوا ہے ۔ یہ تصویر ایسے ہی مسائل کا جیتا جاگتا ثبوت ہے ۔ پڑوسی ریاست آندھرا پردیش کے ضلع چتور میں ایک دل دہلا دینے والا واقعہ پیش آیا ہے ۔ جہاں ایک خاتون نے لڑائی جھگڑے کے بعد اپنے شوہر کا سر تن سے جدا کردیا اور اس کو تھیلی میں ڈال کر پولیس اسٹیشن پہونچ گئی اور شوہر کو قتل کرنے کا جرم قبول کرلیا ۔ پولیس نے بتایا کہ رینی گنٹہ کے پولیس لین میں رہنے والے جوڑے کو ایک 20 سالہ بیٹا بھی ہے اکثر دونوں میاں بیوی کے درمیان جھگڑا ہوا کرتا تھا ۔ کل بھی جھگڑا ہوا جس پر بیوی نے تیز دھار چاقو سے اپنے شوہر کا قتل کردیا اور تن سے سر کو جدا کردیا اور کٹے ہوئے سر کو ایک تھیلی میں ڈال کر پولیس اسٹیشن میں اپنے آپ کو سپرد کردیا ۔ پولیس نے فوری مقدمہ درج کرلیا اور نعش کو تروپتی کے ایس وی میڈیکل کالج منتقل کردیا ۔۔ ن