واشنگٹن ۔ 17 اکٹوبر (ایجنسیز)واشنگٹن میں جاری سیاسی اور میڈیا کشیدگی کی عکاسی کرنے والے ایک منظر میں امریکی ایوان نمائندگان کی سابق سپیکر نینسی پیلوسی ایک رپورٹر پر اس وقت پھٹ پڑیں جب رپورٹر نے 6 جنوری 2021 کو کیپیٹل کی عمارت پر حملے کے دن سکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری کے بارے میں پوچھ ڈالا۔پیلوسی نے ابھی کیپیٹل میں پریس کانفرنس ختم کی تھی اور وہ جا رہی تھیں کہ امریکہ میں دائیں بازو کے میڈیا نیٹ ورک “لنڈیل ٹی وی” کے ایک رپورٹر نے ان کا پیچھا کیا۔ رپورٹر نے پیلوسی سے پوچھا کہ کیا وہ اس بات پر فکر مند ہیں کہ ریپبلکنز کی جانب سے کیپٹل ہل واقعے کی دوبارہ تحقیقات کیلئے بنائی گئی نئی کمیٹی انہیں سکیورٹی کی ناکامی کا ذمہ دار ٹھہرا سکتی ہے۔ رپورٹر نے خصوصی طور پر پوچھا کہ کیا آپ نے اس دن نیشنل گارڈ کی تعیناتی کی درخواست مسترد کر دی تھی؟پیلوسی نے واضح غصے کے ساتھ جواب دیا “چپ رہو! میں نے نیشنل گارڈ کو مسترد نہیں کیا، صدر نے انہیں اندر نہیں بھیجا تھا۔” پیلوسی نے غصے سے کہا “آپ یہاں کیوں آرہے ہیں ریپبلکن پوائنٹس کو اس طرح دہرا رہے ہیں جیسے آپ ایک سنجیدہ صحافی ہو؟” یہ اس بات کا حوالہ تھا جسے وہ قدامت پسند میڈیا آؤٹ لیٹس کی طرف سے اپنی پوزیشن کو مسخ کرنے کی کوششیں قرار دیتی ہیں۔اس واقعے نے سوشل میڈیا پر بڑے پیمانے پر رد عمل پیدا کردیا۔ کچھ مبصرین نے اسے اپنے خلاف ریپبلکنز کے جاری الزامات کے ساتھ پیلوسی کی بڑھتی ہوئی بے صبری کے ثبوت کے طور پر دیکھا۔ دوسروں نے پیلوسی کے مشتعل ردعمل کو 6 جنوری کے واقعے کو دوبارہ کھولنے کیلئے ڈیموکریٹس کی حساسیت کو ظاہر کرنے کے طور پر بیان کیا۔
یہ واقعہ جدید امریکی تاریخ کے سب سے زیادہ تفرقہ انگیز واقعات میں سے ایک ہے۔یہ موقف ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ریپبلکن زیرقیادت امریکی ایوان نمائندگان ایک نئی کمیٹی کے ذریعے ان واقعات کے حالات کا جائزہ لینے کی تیاری کر رہا ہے جس کا مقصد حملے سے پہلے اور اس کے دوران کیے گئے سکیورٹی فیصلوں کا جائزہ لینا ہے۔ یہ پیش رفت ان الزامات کے درمیان ہو رہی ہے کہ ڈیموکریٹس نے گزشتہ برسوں میں صدر ڈونالڈ ٹرمپ کو انتشار کیلئے مکمل طور پر سیاسی طور پر ذمہ دار ٹھہرانے کی کوشش کی تھی اور اس حوالے سے دیگر ادارہ جاتی کوتاہیوں پر غور نہیں کیا تھا۔ اس کے برعکس ڈیموکریٹس کا دعویٰ ہے کہ ریپبلکنز تاریخ کو دوبارہ لکھنے کی کوشش کر رہے ہیں اور ٹرمپ کو 2020 کے صدارتی انتخابات کے نتائج کی تصدیق کے دوران کانگریس پر حملہ کرنے کیلئے اپنے حامیوں کو اکسانے سے بری کر رہے ہیں۔
