ساتویں کامیابی کے ساتھ آئی پی ایل ٹیبل میں سر فہرست
شارجہ: سلامی بلے باز شیکھر دھون (ناٹ آؤٹ 101) کے پہلے ٹی۔ٹوئنٹی سنچری اور آخری اوور میں آل راؤنڈر اکشر پٹیل کے تین چھکوں کی بدولت دہلی کیپیٹلس نے چنائی سوپر کنگس کو ہفتہ کو پانچ وکٹ سے ہراکر آئی پی ایل میں ساتویں جیت درج کرتے ہوئے چودہ پوائنٹ کے ساتھ سر فہرست ہے۔ دہلی اب پلے آف سے ایک جیت دور رہ گئی ہے۔چنائی نے فاف ڈو پولسس (58)، انباٹی رائڈو (ناٹ آؤٹ 45) اور رویندر جڈیجہ (ناٹ آؤٹ 33) کی بہترین اننگز سے 20 اوور میں چار وکٹ پر 179 رن کا چیلنج سے پر اسکور بنایا لیکن شیکھر دھون کی ناٹ آؤٹ سنچری چنائی پر بھاری پڑ گئی۔ دہلی نے 19.5 اوور میں پانچ وکٹ پر 185 رن بنا کر شاندار جیت حاصل کرلی۔ پلیئرآف دی میچ شیکھر نے 58 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 101 رن میں 14 چوکے اور ایک چھکا لگایا۔دہلی کو آخری اوور میں جیت کے لئے سترہ رن چاہئے تھے۔ ڈیون براوو کے زخمی ہونے کے وجہ سے کپتان مہندر سنگھ دھونی نے یہ اوورلفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کو دیا۔ اکشر پٹیل نے دوسری گیند پر چھکا لگایا اور تیسری گیند کو بھی چھکے کیلئے اڑادیا۔ پٹیل نے ان دو چھکوں سے میچ کا نقشہ بدل دیا۔ پٹیل نے پانچویں گیند پر چھکا لگا کر میچ ختم کرتے ہوئے جیت دہلی کے جھولی میں ڈال دی۔ پٹیل پانچ گیندوں میں اکیس رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے سلامی بلے باز شیکھردھون نے ایک طرف اننگز کوسنبھالے رکھا جبکہ دوسری طرف وکٹ گرتے رہے۔ نوجوان اوپنرپرتھوی شا پہلے اوور میں کھاتہ کھولے بغیر دیپک چاہر کو رٹرن کیچ دیدیا۔ اجنکیا رہانے دس گیندوں میں 8 رن بنانے کے بعد چاہر کا دوسرا شکار بنے۔ دہلی کا دوسرا وکٹ 26کے اسکور پر گرا۔شیکھر نے پھر کپتان شریس ایر کیساتھ تیسرے وکٹ کیلئے68 رن کی شراکت داری کی۔ شیکھر نے ٹورنامنٹ میں مسلسل تیسری نصف سنچری مکمل کی جس کو بعد میںانہوں نے اپنے پہلے ٹی۔ٹوئنٹی سنچری میں بدلا۔ ایر کو ڈیون برایوو نے فاف ڈوپولسس کے ہاتھوں کیچ کرادیا۔ ایر نے تئیس گیندوں پر23 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ایر کا وکٹ 94 کے اسکور پر گرا۔ مارکس اسٹائنس چودہ گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے چوبیس رن بنا کر 137 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے۔