حیدرآباد۔27 ۔جون(سیاست نیوز) تلنگانہ میں جاریہ ہفتہ موسم خشک رہے گا اور اضلاع کے علاوہ دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد میں آئندہ دو یوم کے دوران بارش کے امکانات نہ کے برابر ہیں جبکہ گرمی کی شدت میں جاریہ ہفتہ کے دوران اضافہ کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ 5یوم کے دوران بارش کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا تھالیکن خانگی ماہرین موسمیات نے تلنگانہ کے اضلاع میں آئندہ 5یوم کے دوران بارش نہ ہونے کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا کہ بعض اضلاع میں ہلکی بارش ہوسکتی ہے ۔ مجموعی اعتبار سے موسم خشک رہے گا۔ماہرین کے مطابق تلنگانہ کے اضلاع میں جاریہ ہفتہ کے دوران مانسون سرگرم رہنے کا امکان نہیں ہے اور بیشتر اضلاع میں درجہ حرارت میں 2تا4 ڈگری سیلسیس کا اضافہ ہوسکتا ہے۔خانگی ماہرین موسمیات کے بیشتر اداروں نے دونوں شہروں حیدرآبادو سکندرآباد کے علاوہ بعض اضلاع عادل آباد‘ نرمل ‘ نظام آباد ‘ جگتیال‘ کریم نگر ‘ سرسلہ کے علاوہ دیگر اضلاع میں گرج اور چمک کے ساتھ ہلکی بارش کی پیش قیاسی کی ہے اور کہا کہ ان اضلاع کے علاوہ شہر میں مطلع ابرآلود رہے گا ۔محکمہ موسمیات نے 29جون تایکم جولائی ریاست کے کئی اضلاع میں بارش کی پیش قیاسی کرتے ہوئے کہا ہے کہ 29 جو ن کی شام سے مانسون کی بارشوں کا سلسلہ شروع ہونے کا امکان ہے اور اگر تیز ہوائیں شروع ہوتی ہیں تو ایسی صورت میں بارش کا سلسلہ تھم جائے گا۔م
ریاست کے کئی اضلاع کمرم بھیم آصف آباد‘ کھمم‘ کاماریڈی ‘ نرمل ‘ منچریال ‘ کے بعض علاقوں میں گذشتہ شب بارش ریکارڈ کی گئی جبکہ دونوں شہروں کے بعض علاقوں میں گذشتہ 24 گھنٹے کے دوران موسم مجموعی اعتبار سے خشک رہا ۔ محکمہ موسمیات اور خانگی ماہرین موسمیات کی جانب سے جاری کی جانے والی پیش قیاسی میں پائی جانے والی تفریق کے سبب شہریوں کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے اور اکثر خانگی ماہرین موسمیات کی پیش قیاسی درست ثابت ہورہی ہے ۔ریاست میں مانسون کی آمد کے بعد سے جاری بارشوں کے سلسلہ میں محکمہ مال کے عہدیداروں کا کہناہے کہ مانسون کی تاخیر سے آمد کے باوجود چند یوم کے دوران ریاست میں اچھی بارش ریکارڈ کی گئی ہے جس کے نتیجہ میں زیر زمین سطح آب میں اضافہ کے امکانات پائے جانے لگے ہیں۔م