شہر حیدرآباد میں سوائن فلو ، درجہ حرارت میں گراوٹ،جاریہ ماہ تلنگانہ میں 150 افراد میں مرض کی مثبت نشاندہی

   

حیدرآباد۔20جنوری(سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں سوائن فلو کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جارہا ہے ۔ شہر میں درجہ حرارت میں گراوٹ ریکارڈ کئے جانے کے ساتھ ہی اس وبائی مرض کے مثبت مریضوں کی تعداد میں اضافہ ریکارڈ کیا جانے لگا ہے لیکن اس کے باوجود ریاستی حکومت اور مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے عہدیداروںکا کہنا ہے کہ ابھی ایسی کوئی تشویشناک صورتحال نہیں ہے کہ خصوصی مراکز کا قیام عمل میں لایا جائے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ ریاست میں ماہ جنوری کے دوران 150نئے مریضوں کی نشاندہی کی گئی ہے اور 182 افراد کو سوائن فلو کے شبہ میں معائنہ کیا گیا تھا جن میں 150 افراد کے معائنہ مثبت پائے گئے۔ڈاکٹر شنکر ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف پری وینٹیو میڈیسن نے بتایا کہ ماہ ستمبر کے اواخر تک ریاست تلنگانہ کے اضلاع میں ڈینگو کا موسم ریکارڈ کیا جا رہاہے اور گذشتہ چند برسوں کے تجربات کے دوران اس بات کا اندازہ لگایا گیا ہے کہ جنوری اور فروری کے دوران سوائن فلو کی وباء تیزی سے پھیل رہی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ فی الحال سوائن فلو کے جن مریضوں کی شناخت کی گئی ہے شہر حیدرآباد میں ان کا گاندھی ہاسپٹل اور چیسٹ ہاسپٹل میں علاج کیا جا رہا ہے اور ضرورت پڑنے پر دیگر سرکاری دواخانوں میں بھی اس علاج کی سہولت فراہم کی جائے گی۔ ریاست تلنگانہ میں سوائن فلو کے مریضوں کی صورتحال کے متعلق محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ ریاست میں قبل ازوقت سوائن فلو کا معائنہ یقینی بنائے جانے کے سبب صورتحال سنگین نہیں ہے اور جن مریضوں کو سوائن فلو سے متاثرہ پایا گیا ہے ان مریضوں کو فوری معیاری علاج کی سہولتیں فراہم کئے جانے کے سبب جلد از جلد ان کا علاج ممکن ہونے لگا ہے۔ڈاکٹر شنکر نے بتایا کہ جاریہ موسم کے دوران 200 سے زائد افراد کے سوائن فلو سے متاثر ہونے کا امکان ہے اور ان کے ادارہ کی جانب سے معائنہ اور علاج کیلئے مکمل طور پر انتظامات کرلئے گئے ہیں۔ انہو ںنے واضح کیا کہ اگر صورتحال سنگین نوعیت اختیار کرتی ہے تو ایسی صورت میں حالات کو قابو میں رکھنے کیلئے بھی منصوبہ بندی کی جاچکی ۔جی ایچ ایم سی کی جانب سے شہر حیدرآباد میں سوائن فلو کو پھیلنے سے روکنے کیلئے عوام میں شعور اجاگر کرنے کے علاوہ انہیں احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا مشورہ بھی دیا جانے لگا ہے۔واضح رہے کہ سوائن فلو سے متاثرہ افرد اپنے اطراف کے ماحول کو بھی اس وبائی مرض سے متاثر کرسکتے ہیں اور اس مرض سے محفوظ رہنے کیلئے لازمی ہے کہ پرہجوم مقامات سے دور رہا جائے۔