شہر حیدرآباد میں فوری طور پر آر ٹی سی بس خدمات کی بحالی ناممکن

   

آر ٹی سی کو نقصان سے بچانے کی حکمت ، کورونا وائرس اہم وجہ ، وزیر ٹرانسپورٹ
حیدرآباد۔ شہر حیدرآباد میں آر ٹی سی خدمات کو محدود کرنے کی حکمت عملی اختیار کی جا رہی ہے تاکہ آر ٹی سی کو ہونے والے نقصانات میں کمی لائی جاسکے! تلنگانہ حکومت کی جانب سے 7 ستمبر کو شہر حیدرآباد میں میٹرو ریل کی خدمات کے آغاز کو منظوری دے دی گئی ہے لیکن 7 ستمبر کو شہر حیدرآباد میں آر ٹی سی بس خدمات کا آغاز نہیں کیا جائے گا۔ ریاستی وزیر ٹرانسپورٹ مسٹر پی اجئے کمار نے اس بات کی توثیق کردی ہے کہ شہر حیدرآباد میں 7ستمبر سے آرٹی سی خدمات کو بحال نہیں کیا جائے گا جبکہ مرکزی حکومت نے میٹرو ریل کے علاوہ عوامی نظام حمل و نقل کو کورونا وائر س کے رہنمایانہ خطوط کے ساتھ شروع کرنے کی اجازت دے دی ہے۔ بتایاجاتا ہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے جو منصوبہ بندی کی گئی ہے اس کے مطابق فوری طور پر آرٹی سی خدمات کو شہر حیدرآباد میں شروع نہ کرنے کی وجہ مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد کے حدود میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد قرار دی جا رہی ہے لیکن ذرائع کا کہناہے کہ آرٹی سی کو جو نقصان کا سامنا ہے اس میں سب سے اہم شہری حدود میں بس چلانے کے دوران ہونے والے نقصانات ہیں جن میں کمی کے سلسلہ میں حکومت کی جانب سے منصوبہ بندی کی جا نے لگی ہے اور کہا جا رہاہے کہ شہر حیدرآباد میں جہاں تک ممکن ہوسکے نقصانات کو کم کرنے کی پالیسی تیار کی جائے گی۔شہر میں آر ٹی سی خدمات کو بحال کرنے کی صورت میں شہریوں کی جانب سے استعمال کے سلسلہ میں کئے جانے والے سروے کے دوران اس بات کا بھی انکشاف ہوا ہے کہ بس خدمات کا استعمال کرنے والوں کی بڑی تعداد گھرو ںسے نکل آئے گی اور ایسی صورت میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد میں اضافہ کا بھی خدشہ ہے اسی لئے ریاستی حکومت کی جانب سے شہر حیدرآباد میں آرٹی سی خدمات کی بحالی کے سلسلہ میں تاحال کوئی فیصلہ نہیں کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ عہدیداروں سے مشاورت کے بعد ہی حکومت نے اس فیصلہ کو زیر التواء رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے کئے جانے والے اقدامات کے سلسلہ میں آرٹی سی ملازمین کا کہناہے کہ تلنگانہ حکومت کی جانب سے آرٹی سی کو منافع بخش ادارہ میں تبدیل کرنے کے لئے جو حکمت عملی تیار کی جا رہی ہے اس کا وہ جائزہ لے رہے ہیں لیکن ساتھ ہی اس بات کی بھی حکومت اور آرٹی سی انتظامیہ سے خواہش کی جا رہی ہے کہ وہ شہر حیدرآباد میں بس خدمات کو کورونا وائرس کے رہنمایانہ خطوط کے ساتھ شروع کرنے کے سلسلہ میں احکام جاری کریں۔