شہر حیدرآباد کو نشہ میں جھونکنے کی سازش کا پردہ فاش

   

منشیات تیاری و منتقلی کا ریاکٹ بے نقاب، منشیات و دیگر اشیاء ضبط
حیدرآباد۔/30 نومبر، ( سیاست نیوز) اسپیشل آپریشن ٹیم ملکاجگیری زون اور نریڈ میٹ پولیس نے چار رکنی ٹولی کو بے نقاب کرتے ہوئے منشیات کی تیاری کے ایک بڑے ریاکٹ کو بے نقاب کردیا۔ پولیس نے راجستھان سے حیدرآباد منشیات کو منتقل کرنے والے ریاکٹ کا پردہ فاش کیا۔ حیدرآباد میں سکونت اختیار کرتے ہوئے حیدرآباد کو منشیات منتقل کی جارہی تھیں اور شہر کو نشہ میں جھونکنے کی اس سازش کا پردہ فاش کرنے کے بعد پولیس نے30 سالہ رمیش بشنوئی اور تین گراہکوں 32 سالہ وشنو بشنوئی ساکن نریڈ میڈ ، 26 سالہ سنیل زلگا ساکن جیڈی میٹلہ ، 33 سالہ راجن ساکن سوچترا اور ساکنان راجستھان کو گرفتار کرلیا۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 750 اوپیم اور 500گرام پپی لوسٹرا نامی اشیاء کو ضبط کرلیا جس کی مالیت 12,50,000 روپئے بتائی گئی ہے۔ پولیس نے ان کے قبضہ سے 5 سیل فون ، ایک کار اور ایک موٹر سائیکل بھی ضبط کرلیا۔ منشیات کی تیاری کیلئے ان ضبط شدہ اشیاء کو رمیش بشنوئی راجستھان سے حیدرآباد منتقل کررہا تھا جو 5 ماہ قبل راجستھان سے حیدرآباد روزگار کے سلسلہ میں منتقل ہوا تھا۔ پولیس ان کی سرگرمیوں کا جائزہ لے رہی ہے۔ مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ع