شہر حیدرآباد کے 11 ریلوے اسٹیشن کی ترقی کیلئے 514.49 کروڑ روپئے مختص

   

ترقیاتی کاموں میں یاقوت پورہ اسٹیشن بھی شامل، سکندرآباد ریلوے اسٹیشن پر 720 کروڑ روپئے کے اخراجات
حیدرآباد ۔ 26 اکٹوبر (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے ریلوے اسٹیشن کو جدید تقاضوں سے لیس کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساوتھ سنٹرل ریلوے نے ان ترقیاتی کاموں کیلئے 514.49 کروڑ روپئے مختص کیا ہے جس سے ریلوے اسٹیشن کی شکل بدل جائے گی۔ چیرلہ پلی ٹرمنل کا کام پہلے ہی مکمل ہوچکا ہے۔ سکندرآباد اسٹیشن کا کام اندرون ایک سال مکمل ہوجائے گا۔ چیرلہ پلی ریلوے اسٹیشن کیلئے 430 اور سکندرآباد اسٹیشن کے ترقیاتی اقدامات کیلئے 720 کروڑ روپئے خرچ کئے جارہے ہیں۔ سکندرآباد کے بشمول دیگر 11 ریلوے اسٹیشنس کو امرت اسٹیشن کی اسکیم میں شامل کرتے ہوئے ترقیاتی کام انجام دینے جارہے ہیں۔ ریلوے عہدیداروں نے بتایا کہ ملکاجگری، بیگم پیٹ، یاقوت پورہ، اردہ نگر ریلوے اسٹیشن کے کام آئندہ 6 ماہ میں مکمل ہوجائیں گے۔ مزید 7 ریلوے اسٹیشن کی عظمت رفتہ کو بحال کرنے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس اسکیم کے تحت ریاست بھر میں 1830.4 کروڑ روپئے کے مصارف سے 38 ریلوے اسٹیشن کو ترقی دی جارہی ہے جس میں گریٹر حیدرآباد کے حدود میں 12 ریلوے اسٹیشن ہیں۔ ان ترقیاتی کاموں کیلئے ٹنڈرس کا عمل مکمل ہوچکا ہے۔ اسٹیشن کے باب الداخلہ کو پُرکشش بنایا جائے گا۔ اسٹیشن کی سڑکوں کو چوڑا کرتے ہوئے ٹریفک مسائل کو حل کیا جائے گا۔ مسافرین کیلئے سائن بورڈس، پیدل چلنے والوں کیلئے علحدہ راستے ہموار کئے جائیں گے۔ پارکنگ نظام کو باقاعدہ بناتے ہوئے روشنیوں کا معقول انتظام کیا جائے گا۔ اسٹیشن کے حدود میں سرسبزوشادابی کو فروغ دیا جائے گا۔ اناونسنگ سسٹم کو معیاری بنایا جائے گا۔2