ایکسرے ، ای سی جی ، الٹرا ساونڈ وغیرہ کا مفت ٹسٹ ، کے ٹی آر ، محمد محمود علی ، ایٹالہ راجندر کے ہاتھوں افتتاح
حیدرآباد :۔ ریاستی وزیر کے ٹی آر ، محمد محمود علی ، ایٹالہ راجندر اور دوسروں نے آج شہر حیدرآباد کے 8 مقامات پر تلنگانہ ڈائگناسٹک مراکز کا افتتاح کیا ۔ ان منی ڈائیگناسٹک مراکز میں ایکسرے ، ای سی جی ، الٹرا ساونڈ ، ریڈیالوجی کے ٹسٹ مفت کرائے جائیں گے ۔ جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے سری رام نگر میں وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی آر نے ڈائگناسٹک منی ہب سنٹر کا افتتاح کیا ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کے ٹی آر نے کہا کہ دو سال قبل نارائن گوڑہ میں آئی پی ایم کا آغاز کیا گیا تھا ۔ اس کے بعد پرائمری ہیلت سنٹرس پر یہ خدمات کو دستیاب رکھا گیا ہے ۔ خون اور خارورہ کے نمونوں کا ٹسٹ ابھی تک دستیاب تھا ۔ اب اس میں ایم آر آئی ، الٹرا ساونڈ ، سٹی اسکیان ، جیسے ٹسٹ کرانے کا بھی آغاز کیا گیا ہے ۔ ڈائیگناسٹک مراکز میں جملہ 57 اقسام کے ٹسٹ کرائے جارہے ہیں ۔ شہری علاقوں میں رہنے والے غریب عوام کو حکومت معیاری طبی سہولتیں فراہم کرنے کے لیے بڑے پیمانے پر اقدامات کررہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ کورونا بحران کے موقع پر طبی عملہ کی خدمات ناقابل فراموش تھی جس کو کبھی فراموش نہیں کیا جاسکتا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ مستقبل میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کی خدمات اضلاع میں بھی توسیع دی جائے گی ۔ وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے لالہ پیٹ میں ڈائیگناسٹک سنٹر کا افتتاح کرنے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بستی دواخانوں میں غریب عوام کو مفت میڈیکل ٹسٹ کرانے کے لیے ڈائیگناسٹک سنٹرس قائم کئے جارہے ہیں ۔ غریب عوام ہزاروں روپئے خرچ کر کے طبی علاج کرانے کے موقف میں نہیں ہے ۔ لہذا یہ تمام سہولتیں مفت میں فراہم کرنے کے لیے حکومت اقدامات کررہی ہے ۔ وزیر صحت نے کہا کہ گاندھی ہاسپٹل میں 35 کروڑ روپئے کے مصارف سے عصری سنٹر قائم کیا جارہا ہے ۔ 8 آپریشن تھیٹرس میں اعضاء کی پیوند کاری کی سہولتیں فراہم کی جارہی ہے ۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے پرانا پل اور بارکس میں ڈائیگناسٹک سنٹرس کا افتتاح کیا اور یہاں موجود سہولتوں کا جائزہ لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیف منسٹر کے سی آر غریبوں کی ہمدرد شخصیت ہیں وہ ہمیشہ غریب عوام کی فلاح و بہبود کو ترجیح دیتے ہوئے شہر حیدرآباد میں طبی علاج کافی مہنگا ہوگیا ہے ۔ ایک طرف ہیلت اسکیم ، دوسری طرف بستی دواخانوں میں غریب عوام کو طبی سہولتیں فراہم کی جارہی ہیں ۔ آج شہر حیدرآباد میں 8 ڈائیگناسٹک سنٹرس کا افتتاح کیا گیا ہے جس میں غریب عوام کے لیے ایکسرے ، ای سی جی ، الٹرا ساونڈ ، ریڈیالوجی کے مفت ٹسٹ کئے جائیں گے ۔ اس کے علاوہ ان ڈائیگناسٹک سنٹرس میں جملہ 57 اقسام کے ٹسٹ کیے جائیں گے ۔۔