حیدرآباد /15 جنوری ( سیاست نیوز ) گچی باولی علاقہ سے پراسرار طور پر لاپتہ آئی ٹی ملازمہ کا پولیس سائبرآباد نے پتہ چلا لیا ہے ۔ 26 ڈسمبر سے لاپتہ اس 35 سالہ خاتون روہنا کو پولیس نے پونے شہر سے برآمد کرلیا جس کے خلاف گمشدگی کا مقدمہ درج کیا گیا ۔ اس خاتون آئی ٹی ملازمہ کے پراسرار طور پر لاپتہ ہوجانے کے بعد مختلف قسم کے خدشات کا اظہار کیا جارہا تھا ۔ پولیس سائبرآباد نے اس خاتون کی تلاش کیلئے 8 خصوصی ٹیموں کو تشکیل دیا تھا جو بالاخر پونے شہر میں دستیاب ہوئی اور اس خاتون کو شہر منتقل کیا گیا ہے ۔ روہنا نے پولیس کو دئے گئے اپنے بیان میں اطمینان کے ساتھ بتایا کہ وہ ملازمت کی تلاش میں مصروف تھی اور اپنی مرضی سے روانہ ہوئی تھی کسی کا اس پر دباؤ نہیں ہے ۔ اس نے بتایا کہ 26 ڈسمبر کے دن گچی باولی سے آئی آئی ٹی جانے کے بعد اس نے بذریعہ آٹو آرام گھر کو پہونچی اور وہاں سے بنگلور چلی گئی تھی ۔ پھر بنگلور سے ہبلی اور پھر پونے میں ملازمت کی تلاش میں تھی کہ پولیس نے اسے پکڑ لیا۔